قومی شاہراہ پر بالائی گزرگاہ کیلئے ساتویں روز بھی احتجاجی کیمپ قائم
کراچی(اسٹاف رپوٹر)مین نیشنل ہائی وے گرین سٹی کے مقام پر بالائی گزرگاہ کے قیام کے لیے گرین سٹی ، قذافی ٹائون اور ماروی گوٹھ کے مکینوں کی جانب سے لگائے گئے احتجاجی کیمپ کے 7 روز گزر گئے، لیکن تاحال انتظامیہ نے مظاہرین سے کوئی رابطہ نہیں کیا۔مکینوں نے بتایا کہ مذکورہ مقام پر حادثات معمول بن چکے ہیں۔متعدد بار انتظامیہ کو درخواستیں جمع کرانے اور احتجاجی مظاہرے کرنے کے باوجود کوئی شنوائی نہیں ہورہی ہے ، جس پر ملیر انتظامیہ،مئیر کراچی،کمشنر کراچی سمیت دیگر متعلقہ داروں کے خلاف احتجاجی کیمپ لگانے پر مجبور ہوگئے۔انہوں نے بتایا کہ مذکورہ مقام پر قومی شاہراہ عبور کرنے والے کئی شہری جان کی بازی ہار چکے ہیں۔کچھ عرصہ قبل بارات میں شامل خواتین بھی حادثے کا شکار ہوئیں، جس میں عورتیں زخمی ،جب کہ ایک شخص ہلاک ہوگیا تھا۔ابھی تک ملیر انتظامیہ سمیت کسی ذمہ دار نے نہ ہی رابطہ کیا ہے اور نہ ہی کوئی ملنے آیا ہے ۔مکینوں کا کہنا تھا کہ جب تک پیڈسٹرین برج کا سنگ بنیاد نہیں رکھا جاتا۔احتجاجی کیمپ جاری رہے گا۔