جامعہ مظاہر العلوم کے بانی مولانا حمداللہ المعروف ڈاگئی بابا انتقال کرگئے
کراچی(اسٹاف رپورٹر)جامعہ مظاہر العلوم کے بانی اور بزرگ عالم مولانا حمداللہ مظاھری المعروف ڈاگئی بابا طویل علالت کے بعد سو سال سے زائد کی عمر میں انتقال کرگئے۔وہ چند ماہ سے پشاور کے اسپتال میں زیرعلاج تھے۔صوابی کے علاقے ڈاگئی سے تعلق رکھنے والے مولانا حمداللہ تقریبا پون صدی سے دینی تعلیم و تدریس میں مصروف تھے۔مرحوم کے مدرسے سے فارغ التحصیل ہونے والے ہزاروں علما کرام پاکستان سمیت کئی ممالک میں علوم دینیہ پڑھانے میں مصروف ہیں۔وفاق المدارس کے میڈیا کوارڈینیٹر مولانا طلحہ رحمانی کے مطابق مرحوم کی نماز جنازہ آج (بروز اتوار) بعد نماز ظہر 2 بجے ضلع صوابی میں ان کے آبائی علاقے ڈاگئی میں ادا کی جائے گی ۔مولانا مرحوم کے انتقال پر وفاق المدارس العربیہ کے صدر مولانا ڈاکٹر عبدالرزاق اسکندر، مولانا انوارالحق حقانی،مفتی محمد رفیع عثمانی، مولانا محمد حنیف جالندھری، مولانا امداراللہ یوسف زئی، قاضی عبدالرشید،مولانا حسین احمد، مفتی صلاح الدین ایوبی، ابراہیم سکھرگاہی ، مولانا سعید اسکندر و دیگر علما کرام نے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ ان کی علمی خدمات تاریخ کا روشن باب ھے۔مرحوم کا خلاء پر نہیں ہوسکتا۔ان کی علمی و دینی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔