چین میں پھنسے پاکستانیوں کے قیام و طعام پر کروڑوں اخراجات

0

کراچی (رپورٹ : سید نبیل اختر) چین میں کئی روز سے پھنسے 300 پاکستانی مسافروں کی وطن واپسی کیلئے فیری فلائٹ اور ان کے چین میں قیام و طعام کے انتظامات پر شاہین ایئر کو کروڑوں کا نقصان ہوا ہے، شاہین ایئر کی فیری فلائٹ آج لاہور سے روانہ ہوگی۔ سول ایوی ایشن نے اجازت دے دی۔ کینٹن ایئر پورٹ انتظامیہ نے پارکنگ سلاٹ نہ دیا جس پر مسافروں کو مزید 24 گھنٹے انتظار کرنا پڑے گا۔ اہم ذرائع نے بتایا کہ شاہین ایئر نے چین کے شہر گوانگ زو سے 29 جولائی کو 300 مسافروں کو پاکستان لانے کیلئے بکنگ کی تھی، تاہم سی اے اے اور شاہین ایئر کے درمیان ادائیگی کے شیڈول پر تنازع کھڑا ہوگیا اور سی اے اے حکام نے چین سے دوسری پرواز پاکستان لانے کی اجازت نہ دی۔ شاہین ایئر نے 13 کروڑ کی ادائیگی کرکے پرواز کو 2 اگست کیلئے شیڈول کردیا تھا۔ چین میں 29 جولائی سے مسافروں کو ایاٹا قوانین کے مطابق شاہین ایئر نے ہوٹل اور طعام بھی فراہم کیا اور انہیں جلد لاہور پہنچانے کی یقین دہانی کرائی ۔2 اگست کو سی اے اے کی جانب سے مذکورہ پرواز کو علامہ اقبال ایئر پورٹ لانے کی اجازت دی گئی تو وہاں کینٹن ایئر پورٹ انتظامیہ نے لاہور سے آنے والے طیارے کو کلیئرنس دینے سے یہ کہہ کر انکار کردیا کہ 3 اگست سے قبل ان کے پاس پارکنگ سلاٹ دستیاب نہیں ہے۔ ذرائع نے بتا یا کہ 300 مسافر اب مزید 24 گھنٹے انتظار کے بعد لاہور کیلئے روانہ ہوں گے۔ ‘‘امت’’ کو شاہین ایئر کے ڈائریکٹر مارکیٹنگ زوہیب حسن نے بتایا کہ مسافروں کو تمام تر سہولیات فراہم کی جارہی ہیں، تاہم سی اے اے کی جانب سے مسافروں کو پریشان کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج لاہور سے شاہین ایئر کی فیری فلائٹ چین کیلئے روانہ ہوگی، جس سے کمپنی کو لاکھوں روپے کا نقصان اٹھانا پڑے گا جبکہ 29جولائی سے 3 اگست کے درمیان مسافروں کے ہوٹل اخراجات اور طعام وغیرہ پر ہونے والے اخراجات بھی کروڑوں میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شاہین ایئر نے سی اے اے کو شیڈول کے مطابق ادائیگیاں کی ہیں، تاہم سی اے اے حکام شاہین ایئر کیخلاف ذاتی عناد نکال رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سول ایوی ایشن کی ذمہ داری ہے کہ مسافروں کو کسی بھی قسم کی پریشانی سے دور رکھے لیکن ایسے اقدامات کئے جارہے ہیں کہ مسافر بہر صورت اذیت سے دوچار ہوں۔دوسری جانب ترجمان سی اے اے کا کہنا ہے کہ میڈیا کی رپورٹس کے تناظر میں چین گوانزو میں پھنسے ہوئے 300 پاکستانیوں کو فوری وطن واپس لانے کیلئے شاہین ایئر کو خصوصی پرواز کی اجازت دے دی ہے۔ سی اے اے کی جانب شاہین ایئر کو چین سے پاکستانیوں کو لانے کیلئے 2 خصوصی پروازوں کی ایک بار پہلے بھی اجازت دی جاچکی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ ڈیڑھ ارب واجبات کی عدم ادائیگی کے باعث سول ایوی ایشن نے سوائے سعودیہ کے شاہین ایئر کے تمام ملکی و غیر ملکی آپریشنز کیلئے تمام ائیرپورٹس پر اپنی سہولیات اور خدمات معطل کر رکھی ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More