اسلام آباد(ناصرعباسی )پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن (پی او اے)پاکستان فٹبال فیڈریشن(پی ایف ایف) کے نقش قدم پر چل پڑی۔کھیلوں میں حکومت پاکستان کا کردار ختم کرنے کےلیے آئین میں تبدیلیاں کرتے ہوئے70سال بعد صدر مملکت اسلامی جمہوریہ پاکستان کو تنظیم کے پیٹرن انچیف کے عہدے سے ہٹا دیا جبکہ صوبائی اولمپکس ایسوسی ایشنز کے صوبائی پیٹرنز چاروں صوبائی گورنرزکو بھی انکے عہدوں سے ہٹا دیا گیا ہے ۔پاکستان اتھلیٹکس فیڈریشن کے علاوہ کسی دوسری فیڈریشن کی جانب سے صدرمملکت اور چاروں گورنرز کے عہدے ختم کرنے کی مخالفت نہیں کی گئی ۔ کھیلوں کی فیڈریشنز سے قومی خزانے سے فراہم کردہ فنڈزاور کارکردگی کی تفصیلات طلب کرنے پر حکومت پاکستان کا کھیلوں میں کردار ختم کرنے کےلیے اہم اقدام اٹھایا گیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کا اہم اجلاس لاہور میں منعقد ہوا ۔پی او اے اجلاس میں آئین میں تبدیلی کرتے ہوئےتنظیم کے پیٹرن انچیف صدر مملکت اور چاروں صوبائی پیٹرنزکے عہدے ختم کردئیے گئے. ذرائع کے مطابق پی او اے اجلاس میں ایک جانب صدر مملکت اور چاروں صوبائی گورنرز کےعہدے ختم کر کے حکومت کو پیغام دیا گیا ہے تو دوسری جانب سکولز اولمپک اور روایتی کھیلوں کے نام پر مزید 2 ووٹوں کا اضافہ کردیا گیا ہے ۔جس کا مقصد مبینہ طور پر مستقل میں تنظیم کے انتخابات کےلیے تیاری کرنا ہے ۔ذرائع کے مطابق حکومت پاکستان کی جانب سے کھیلوں کی فیڈریشنز کو فراہم کردہ فنڈز اور کارکردگی کا آڈٹ کروانے کےفیصلے بعد پی او اے کی جانب سے اہم قدم اٹھاتے ہوئے صدرمملکت اور چاروں صوبائی گورنرز کے عہدوں کو تنظیم سے خارج کیا گیا ہے تاکہ حکومت پاکستان کی جانب سے فراہم کردہ فنڈز کا حساب مانگنے کا سدباب کیا جاسکے ۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں پی او اے پیٹرن انچیف صدر مملکت اور چاروں صوبائی گورنرز کو صوباائی اولپمک ایسوسی ایشنز کے پیٹرنز کے عہدے سے ہٹانے کے معاملہ صدر پاکستان اتھلیٹکس فیڈریشن جنرل اکرم ساہی کی جانب سے مخالفت کی گئی۔جنرل (ر) اکرم ساہی کاصدر مملکت اور چاروں صوبائی گورنرز کے عہدوں کو ختم کرنے کے معاملہ کو غیر مناسب قرار دیتے ہوئےکہنا تھا کہ قیام پاکستان سے لیکر اب تک صدر مملکت پیٹرن انچیف چلے آرہے ہیں اور70 سال بعداب سربراہ مملکت کو اس عہدے سے ہٹانا صدر مملکت کے عہدے کے ساتھ ساتھ ریاست کی بھی توہین ہے۔ تاہم صدر پاکستان اتھلیٹکس فیڈریشن کی مخالفت کو مسترد کرتے ہوئے صدر مملکت کوتنظیم پیٹرن انچیف اور چاروں صوبائی گورنرز کے عہدوں کو 70 سال بعد ختم کردیا گیا