نقیب کیس میں راوٴ انوار کی گرفتاری کیلئے پختون برادری کا احتجاج
حیدرآباد (بیورورپورٹ) حیدرآباد کی پختون برادری کی جانب سے کراچی میں جعلی پولیس مقابلے میں مارے گئے نوجوان نقیب اللہ محسود کیس میں ضمانت پر آزاد سابق ایس ایس پی راؤ انوار کو سزا دینے کے حق میں پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرے میں پختون برادری کے لوگوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ شرکا نے پلے کارڈ اٹھارکھے تھے، جن پر احتجاجی اور مذمتی نعرے تحریر تھے۔ مظاہرین راؤ انور کے خلاف شدید نعرے بازی کررہے تھے۔ اس موقع پر مظاہرے میں شریک الیاس محسود، اکرم محسود، عمر لاڈلہ اور دیگر نے کہاکہ کراچی میں جعلی پولیس مقابلہ میں پختون نوجوان نقیب اللہ کو قتل کیا گیا۔ واقعہ کا مقدمہ درج اور اس مقدمے میں سابق ایس ایس ملیر راؤ انوار کو گرفتار کیاگیا تھا، لیکن اس کو ضمانت پر آزاد کردیا گیا ۔ انہوں نے الزام لگایا کہ حکمران اور اعلیٰٰ حکام نقیب اللہ کے خون کو ضائع کرنا چاہتے ہیں ۔ کیونکہ راؤ انوار کو مقدمہ سے بری کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے انہوں نے اعلیٰ سے مطالبہ کیا کہ نقیب اللہ قتل کے مقدمے میں راؤ انوار کو گرفتار کرکے اس کو سزادی جائے۔