لاہور(امت نیوز)صوبائی دارالحکومت میں اتوار کو دوپہر 2 بجے تحریک لبیک نے قائدین کی رہائی کیلئے ریلی نکالی۔شالیمان ٹائون تنظیم کے زیراہتمام اس ریلی کاآغاز مرکزی دفتر رضوی ٹرسٹ ہسپتال بمقام شیر شاہ روڈ لاہور سے ہوا۔تحریک کے سربراہ حضرت علامہ خادم حسین رضوی سمیت دیگرقائدین کی رہائی کیلئے اس ریلی میں کارکنان اورشہریوں نے بڑی تعدادمیں شرکت کی۔اس دوران راستے لبیک یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی صدائوں سے گونج اٹھے ۔تحریک لبیک کا کہنا ہے کہ رہنمائوں کی رہائی کے لیے کراچی میں بھی ریلی نکالی گئی۔ان ریلیوں میں آسیہ مسیح کی پھانسی کا مطالبہ بھی کیا گیا۔واضح رہے کہ توہین رسالت کیس میں گرفتارآسیہ کی رہائی کے عدالتی فیصلے کے خلاف ملک گیراحتجاج پرتحریک لبیک کے متعددکارکنان اوررہنمائوں کوگرفتارکرلیاگیاتھا۔