منور علی کو غیرت کے نام پر قتل کیا- ملزم سہیل
کراچی (اسٹاف رپورٹر) نیوٹاؤن میں پولیس کی موجودگی میں نوجوان کوگولیاں مارکر قتل کرنے والے ملزم سہیل نے کہا ہے کہ اس نے منور علی کو غیرت کے نام پر قتل کیا۔ ملزم نے دھمکی دی کہ جیل سے رہا ہونے کے بعد وہ 2 افراد کو نہیں چھوڑے گا۔ نیو ٹاؤن تھانے کی حدود شرف آباد میں درخشاں پولیس کے سامنے منورعلی کو گولیاں مارکر قتل کرنے والے گرفتار ملزم سہیل مغل نے پولیس کو اپنا تفصیلی بیان ریکارڈ کراتے ہوئے بتایا کہ اس نے منور علی کا قتل غیرت کے نام پر کیا ہے، ملزم کا اپنے بیان میں مزید کہنا ہے کہ میں تین افراد کو قتل کرنا چاہتا تھا جن میں منور بھی شامل تھا، باقی دو افراد میں ایک وکیل روشن مرتضی اور دوسرا ایف آئی اے انسپکٹر شہباز ہے، ملزم کا کہنا ہے کہ منور علی کو دوسرے نمبر پر قتل کرنے کا ارادہ تھا، پہلے نمبر پر وکیل روشن اور تیسرے نمبر پر ایف آئی اے انسپکٹر شہباز تھا۔ سہیل نے دھمکی دی کہ وہ جس دن جیل سے نکلا ان دونوں کو نہیں چھوڑوں گا۔ ملزم کا کہنا ہے کہ اس نے غصے میں اپنی بیوی کو دو طلاق دی تھیں، وکیل نے اپنے دوستوں سے ملکر زبردستی میری بیوی کا خلع کرایا اور میرا فلیٹ بھی بیچ ڈالا، پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم نے ذہنی دباؤمیں آکر منور علی کو قتل کیا ہے، مقتول نے ملزم سہیل مغل کی اہلیہ کو مکان بھی کرائے پر دے رکھا تھا،جس پر ملزم کو مقتول منورعلی پرشک تھا۔تاہم ملزم کی اہلیہ نے خلع لینے کے بعد ملزم سے رابطہ رکھنا چھوڑ دیا تھا۔