قرض نادہندگان کے مقدمات کیلئے خصوصی ٹربیونل بنانے کا فیصلہ
اسلام آباد(نمائندہ خصوصی )سپریم کورٹ نے قرض نادہندگان کے مقدمات جلد نمٹانے کیلیے خصوصی ٹربیونل تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے ،چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے قرض معافی کیس میں ریمارکس دیے ہیں کہ بینک تواس رقم کوبھول چکے تھے،یہ رقم ڈیمزکیلئے مختص کریں گے،مقدمات جلدنمٹانے کیلئے خصوصی ٹربیونل تشکیل دیں گے۔ چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں بنچ نے 54 ارب روپے قرض معافی کیس کی سپریم کورٹ میں سماعت کی۔اس موقع پر بینک افسران نے بتایا کہ کمیشن نے واجب الادا رقم درست لکھی ہے، جس پر چیف جسٹس نے حکم دیا کہ بینک افسران اور قرض نادہندگان حتمی فہرست آج ہی مرتب کریں، فہرست مکمل ہونے پر دوبارہ سماعت کریں گے۔خیال رہے کہ گزشتہ سماعت کے دوران چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے قرض معافی کیس میں 222 افراد کو 3ماہ میں واجب الادا قرض کا 75 فیصد حصہ جمع کرانے کا حکم دیا تھا۔اس سے قبل سماعت میں چیف جسٹس نے 222 کمپنیوں سے ایک ہفتے میں تفصیلی جواب طلب کرتے ہوئے ریمارکس دیے تھے کہ اگر قوم کے پیسے واپس نہ کیے تو معاملہ قومی احتساب بیورو (نیب) کے حوالے کردیں گے اور قرض نادہندگان کی جائیدادیں بھی ضبط کرلی جائیں گی۔