روسی مداخلت کی تفتیش رکوانے کیلئے ٹرمپ سرگرم
واشنگٹن(امت نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 2016 کے صدارتی انتخاب میں روسی مداخلت کے حوالے سے کی جانے والی تحقیقات پر مزید غصے کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ اسے فوراً ختم کیا جائے۔ یکے بعد دیگرے کی جانے والی ٹویٹس میں ٹرمپ نے اٹارنی جنرل جیف سیشنز پر زور دیا کہ وہ اس تفتیش کو جلد از جلد ختم کروائیں۔ ٹرمپ نےتفتیشی ٹیم کے سربراہ، سپیشل کونسل رابرٹ موئیلر کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ صدر ٹرمپ کے چند مشیر سمجھتے ہیں کہ رابرٹ موئیلر 14ماہ سے جاری اس تفتیش کی رپورٹ کو جلد جاری کرنے والے ہیں۔ ٹویٹس میں صدر ٹرمپ نے اپنی انتخابی مہم کے مینیجر پال مانافورٹ پر مقدمے کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا جو رابرٹ موئیلر کی تفتیش کے نتیجے میں شروع ہوا ہے۔ٹرمپ نے کہا کہ پال مانافورٹ کے ساتھ ماضی کے معروف بدمعاش آل کپون سے بھی زیادہ برا سلوک کیا جا رہا ہے۔