سندھ کو مرغی اور انڈے نہیں پانی چاہیے- سیدعبدالرشید
کراچی (اسٹاف رپورٹر)ایم ایم اے کے رکن سندھ اسمبلی سید عبدالرشید کا کہنا ہے کہ سندھ کو فواد چوہدری اور مرغی ،انڈے نہیں پانی چاہیے،اگر سندھ حکومت گرا کر پانی کی قلت پوری ہو سکتی ہے تو آج گرادیں، اپنا چور زندہ باد اور اسکا چور مردہ باد ہم اس فلسفے کو نہیں مانتے، ،سندھ کو ضرورت کے مطابق پانی نہیں ملا تو نہ معیشت کا پہیہ چلے گا نہ بجلی پیدا ہوگی اور نہ ہی سندھ کی بنجر زمین سیراب ہو سکے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پانی کے مسئلے اور ارسا سے متعلق پیپلز پارٹی کی رکن اسمبلی ہیر سوہو کی تحریک التواء پر وفاقی وصوبائی حکومت پر سخت تنقید کانشانہ بناتے ہوئے کیا ان کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سےسندھ میں جو پینے کاپانی میسر ہےبھی تو وہ کیمیکل اور فضلہ شامل ہونے کے بعد ملتا ہے ، حکومت ہو یا اپوزیشن اپنا رویہ درست کرنا ہوگا۔مجھے عوام نے بھیجا ہے میں عوام کی ترجمانی کرنے آیا ہوں۔عبدالرشید کا کہنا تھا کہ سندھ کی بنجر زمین کی سیرابی اورکراچی کے شہریوں کی پیاس بجھانے کیلئے پانی کی اشد ضرورت ہے، ارسا کی کمیٹی پر نظر ثانی کی جائے اور سندھ کو صوبے کی ضرورت کے مطابق پانی دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی شہر کی گنجان آبادی کی پیاس بجھانے کیلئے اگر سندھ کا کوٹہ بڑھے گا تو کراچی پانی پہنچے گا، ڈیم بھی بننے چاہئیں لیکن ہمیں اپنی اصلاح اور نیتوں کی درستگی بھی کرنی ہوگی۔ان کا کہنا تھا کہ کوئی چئیرمین سینیٹ،وزیر اعظم اور وزیر اعلی بننے کیلئے اراکین خرید سکتا ہے تو ہیلی کاپٹر گھماکر سندھ کے اراکین اسمبلی بھی خریدے جاسکتے ہیں۔ عوام کی بات ایوان میں کروں گا چاہے حکومتی بینچ کو ناگوار گزرے یااپوزیشن بینچوں پر وفاقی حکومت کے نمائندوں کو برا لگے، سندھ کو حقوق ملیں گے تو یہاں بسنے والے سندھی،مہاجر،پنجابی پختون بلوچی سرائیکی سب ہی خوشحال ہونگے۔سید عبدالرشید کا کہنا تھا کہ میں عوام کا احساس پہنچاؤں گا اس سے اگر کسی کے مفادات کو چوٹ پہنچے تو بار بار چوٹ پہنچاؤں گا، ہم احتساب میں شفافیت کی بات کرتے ہیں، ہم جب نواز شریف کے خلاف سپریم کورٹ گئے تھے تو یہی مطالبہ تھا کہ 436 لوگوں کااحتساب کیاجائے صرف ایک کانہیں، ان 435 لوگوں کو کون بچارہا ہے جن کے پانامہ میں نام تھے۔