متحدہ ٹارگٹ کلر-خاتون ڈکیت اور منشیات فروشوں سمیت 30ملزمان گرفتار

0

کراچی(اسٹاف رپورٹر) رینجرز اور پولیس آپریشن میں متحدہ ٹارگٹ کلر،موٹر سائیکل لفٹرز، خاتون ڈکیت، اسٹریٹ کرمنلز، سمیت 30ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ، منشیات، موٹر سائیکلیں اور مسروقہ سامان برآمد کرلیا۔ ترجمان رینجرز کے مطابق گلستانِ جوہر، فیروزآباد اور محمود آباد میں کارروائی کرتے ہوئے 8 ملزمان عامر ،راشد ، شہروز ،سلمان عرف منشی،عتیق،علی خان عرف گنجا،عرفان موٹا، نعمان انو اورعرفان کو گرفتارکرلیا، ملزمان متعدد ڈکیتیوں میں ملوث ہیں۔ رینجرز نے گبول ٹاؤن اور سرسید میں پولیس کیساتھ مشترکہ کارروائی میں 4 منشیات فروشوں میاں باچا، غلام علی، عابد شر یف اور گل تاج کو گرفتار کرلیا۔ بوٹ بیسن اور ڈاکس سے بھی 2 منشیات فروش ابراہیم اور فیاض پکڑے گئے ہیں۔ شاہ لطیف پولیس نے زمان ٹاؤن سے متحدہ لندن کے ٹارگٹ کلر انیل احمد کو گرفتار کرلیا، پولیس کے مطابق ملزم نے سیکورٹی گارڈ کو اغوا کرکے قتل کیا تھا، ملزم نے 2013میں ایم کیو ایم کارکن عظمت اللہ اور 2015 میں شادی ہال سے ایک شخص کو اغوا کرکےقتل کیاتھا۔ پولیس کے مطابق ملزم انیل رئیس مما کے کہنے پر جلاؤگھیراؤ، پارٹی کیلئےبھتہ خوری اور ٹارگٹ کلنگ کرتا تھا، ملزم سے برآمد سفری بیگ میں سیون ایم ایم رائفل،رپیٹر، ماؤزر، پستول اور دیگر سامان موجود تھا۔ اقبال مارکیٹ پولیس نےخاتون ڈکیت و 3 ساتھیوں کو گرفتار کرکے اسلحہ اور مسروقہ سامان برآمد کرلیا، پولیس کا کہنا ہے کہ رخسانہ عرف ریحان ، بلال، عاطف اور ساجد ڈکیتی اور موٹر سائیکل لفٹنگ کی وارداتوں میں ملوث ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمہ اپنے ساتھیوں کے ہمراہ مردوں کے حلیے میں شادی ہالوں کے باہر لوٹ مار کرتی تھی۔ سرجانی ٹاؤن پولیس نے سیکٹر 51 سی میں کارروائی کرتے ہو ئے 3 ملزمان شاہد، ابراہیم اور امانت کو گرفتار کر کے قبضے سے منشیات برآمد کرلی۔ ابراہیم حیدری پولیس نے کارروائی کے دوران4 ملزمان عابد، جاوید بنگالی، حسین اور وحید کو گرفتار کرکے اسلحہ، چھینی گئی موٹر سائیکل اور منشیات برآمد کرلی۔ گلستان جوہر پولیس نے عتیق، رشید عرف شاہ روز، سلمان عرف صلو اور عامر کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔ شریف آباد پولیس نے کارروائی کے دوران ملزم احمد، شہزاد اور نبیل کو گرفتار کرکے اسلحہ اور منشیات برآمد کرلی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More