سیاسی مداخلت-عالمی فٹبال مقابلوں میں پاکستان پر پابندی کے خدشات بڑھ گئے

0

اسلام آباد(خصوصی رپورٹر) پاکستان اسپورٹس بورڈ (پی ایس بی) انتظامیہ نے سیاسی دباؤ پر پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) کو تسلیم کر لیا ، جس کے بعد پاکستان پر فٹبال کے عالمی مقابلوں میں حصہ لینے پر پابندی کے خدشات مزید بڑھ گئے ۔فٹبال کی ایشیائی اور عالمی باڈیز پی ایف ایف کو تسلیم کرنے سے انکار کرتے ہوئے اس کے فنڈز روک چکی ہیں اور فٹبال کے حوالے سے عالمی اجلاسوں میں بھی پی ایف ایف کی شرکت پر پابندی عائدکر دی گئی ہے۔ ایشین فٹبال کنفیڈریشن (اے ایف سی) نے پی ایف ایف کی نو منتخب باڈی کو تسلیم کرنے سے انکار کر دیا ہے، جبکہ فیفا نے بھی قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر نو منتخب باڈی کے فنڈز روک دیئے ہیں۔تاہم سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں ہونے والے انتخابات میں منتخب ہونے والے صدرسیداشفاق حسین اور پی ایف ایف کونسل کےممبران نائب صدورعامر ڈوگر، سردار نویدحیدر اور ظاہر شاہ نے پی ایس بی سے پی ایف ایف اکاؤنٹس کودوبارہ آپریشنل بنانےکی درخواست کی تھی، جسے تسلیم کرتے ہوئے پی ایس بی نے پی ایف ایف کی نومنتخب باڈی کو تسلیم کرتے ہوئے این او سی جاری کردیا۔پی ایف ایف 2012سے پی ایس بی کا حصہ نہیں تھی۔ گزشتہ ماہ سپریم کورٹ کی جانب سے پی ایف ایف کے انتخابات کروانے کے احکامات کو فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے ’’تیسری قوت‘‘ کی مداخلت قرار دیتے ہوئے اسےقوانین کی خلاف ورزی قرار دیا تھا اور تنبیہ کی تھی کہ اس خلاف ورزی پر عالمی تنظیم پاکستان کی رکنیت کو معطل کر سکتی ہے۔ اس سے قبل بھی اسی قانون کی خلاف ورزی پر پاکستان کو اکتوبر2017 سے مارچ2018 تک رکنیت کی معطلی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ کھیلوں کے ماہرین نے پی ایس بی کی جانب سے پی ایف ایف کو تسلیم کرنے کے اچانک فیصلے کو حیران کن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پی ایس بی نے فیفا اور ایشین فٹبال کنفیڈریشن (اے ایف سی) اور پی ایف ایف کے اختلافات خوش اسلوبی سے حل کروانے کے بجائے معاملات کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے۔ دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ایس بی حکام نے یہ قدم ایک اعلیٰ حکومتی شخصیت کے دباؤ پر اٹھایا ہے، جو اس سے قبل پی ایف ایف انتخابات میں بھی اہم کردار ادا کر چکی ہے۔ پاکستان فٹبال فیڈریشن کےسابق سربراہ مخدوم فیصل صالح حیات نے2012میں پی ایف ایف کو پی ایس بی کے ساتھ آٹو ڈی ایفیلی ایشن کی بنیاد پر الگ کردیاتھا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More