بھنبھور میں قدیم سکے- کھلونے و دیگر نوادرات برآمد
گھارو (نمائندہ امت) بھنبھور میں کھدائی کے دوران قدیم سکے، کھلونے اور دیگر نودرات برآمد ہوئے ہیں، جنہیں میوزیم میں رکھا جائے گا۔ محکمہ ثقافت اور اٹلی کی دو ٹیموں نے کھدائی کا کام دوبارہ شروع کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سندھ کے تاریخی شہر بھنبھور کی کھدائی کا کام ایک پھر سے شروع کردیا گیا ۔تاریخی شہر کی کھدائی کے لیے محکمہ ثقافت و سیاحت اور اٹلی کی 2ٹیمیں سرگرداں ہیں۔ جنہوں نے کھدائی کا کام شروع کردیا ہے، جہاں کھدائی کے دوران قدیم دور کے سکے، مٹی کے کھلونے اور دیگر نوادرات سمیت جانوروں کی ہڈیاں بھی ملی ہیں۔ جاری کھدائی میں مزید نودرات ملنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ اس موقع پر کھدائی ٹیم کے ارکان روہل امین، نسیم جعفری، سمین گیلٹ، فڈریکا، الیسنڈرو نے بتایا کہ سندھ کا تاریخی شہر بھنبھور صدیوں پرانا ہے ،جس کی کھدائی بہت ضروری ہے، یہاں قیمتی اشیا مدفون ہیں۔ جو تاریخی شہر سے دلچسپی رکھنے والوں کی معلومات میں اضافے کا باعث بنیں گی۔ یاد رہے گزشتہ سال کھدائی کے دوران نکالے جانے والے نوادرات بھی بہت جلد تحقیقات کے بعد محکمہ آرکیالوجی کے حوالے کیے جائیں گے۔