با اثر خاتون کیخلاف مبینہ ٹاؤن تھانے پر احتجاج سے بد ترین ٹریفک جام
کراچی (اسٹاف رپورٹر) مبینہ ٹاؤن کے مکینوں نے جھوٹے مقدمات قائم کرانیوالی خاتون کیخلاف تھانے کے باہر احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے سڑک بند کردی، جس سے بدترین ٹریفک جام ہوگیا، پولیس نے مذاکرات کے بعد مشتعل مظاہرین کو منتشر کرکے سڑک کھلوادی۔ تفصیلات کے مطابق جمعرات کی شام گلشن اقبال بلاک4 کے سیکڑوں مکین مبینہ ٹاؤن تھانے کے باہر جمع ہو گئے، جن کے ہاتھوں میں پلے کارڈز تھے۔ مظاہرین کاکہنا تھا کہ پولیس بااثر خاتون ماریہ رضا کی ایما پر علاقہ مکینوں کیخلاف جھوٹے مقدمات درج کرتی ہے، اعلیٰ افسران نوٹس لیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بے بنیاد مقدمات فوری ختم کئے جائیں پولیس کو گمراہ کرنے پر بااثر خاتون کیخلاف بھی کارروائی کی جائے۔ احتجاج کے باعث سڑک پر بدترین ٹریفک جام ہوگیا اور گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئی تاہم پولیس نے مشتعل مظاہرین سے مذاکرات کے بعد انہیں منتشر کرکے ٹریفک بحال کرادی۔ ایس ایچ او مبینہ ٹاؤن ابو عمیر سے رابطے پر انہوں نے بتایا کہ لیموں گوٹھ کی رہائشی ماریہ رضا نے ایک برس قبل بلوے کا مقدمہ الزام نمبر 275/17 کے حوالے سے پولیس سے رابطہ کیا تھا اور کہا تھاکہ مقدمے میں نامزد ملزمان کو فوری گرفتار کیا جائے، پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپہ مارا تھا، جس پر علاقہ مکینوں نے تھانے کے باہر احتجاج شروع کردیا۔