اورنگی میں فائرنگ سے پراپرٹی ڈیلر-2بھائی ہلاک
کراچی (اسٹاف رپورٹر) اورنگی میں موٹر سائیکل سواروں نے گھر میں گھس کر اندھا دھند فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں پراپرٹی ڈیلر اور 2بھائی جاں بحق ہوگئے۔ پولیس کے مطابق واقعہ رقم کی لین دین یا زمین کا تنازع معلوم ہوتا ہے، جبکہ گلبہار میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے شہری زخمی ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان بازار کے علاقے اورنگی سیکٹر 14اور 16کے درمیان واقع رنگین شاہ بابا مزار کے قریب پہاڑی پر قائم گھر میں جمعرات کی شب نامعلوم افرادنے اندھادھند فائرنگ کردی اور فرار ہوگئے۔پولیس تینوں زخمیوں کو اسپتال منتقل کر رہی تھی کہ 2 افرادراستے میں دم توڑگئے ،جبکہ ایک زخمی نے دوران علاج عباسی اسپتال میں دم توڑ دیا۔ ڈی ایس پی جمیل بنگش نے بتایا کہ مقتولین کی شناخت 40 سالہ ندیم حسین ولد عابد حسین،28 سالہ امتیاز اور اس کا بھائی 22 سالہ عدنان عرف راجو ولد ممتاز کے نام سے ہوئی۔ ان کا مزیدکہنا تھا کہ پہاڑی پرندیم کا 2 کمرے کابیٹھک نما گھر بناہوا ہے، جہاں اسکے دوست آکر بیٹھتے تھے۔ عینی شاہدین نے پولیس کو بتایا کہ موٹرسائیکل سوار ملزمان نےفائرنگ کی اور فرارہوگئے۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے 30بور پستول کے 11 خول قبضے میں لے لئے۔ ڈی ایس پی جمیل بنگش کے مطابق مقتول ندیم پراپرٹی کا کاروبار کرتا تھا ،جبکہ اس کیساتھ مارے گئےدونوں بھائی ندیم کے دوست تھے۔ پولیس کو شبہ ہے کہ واقعہ لین دین یا زمین کا تنازع ہے،پولیس مزید تفتیش کررہی ہے۔ پولیس کےمطابق مقتولین بھائی اورنگی کے رہائشی اور فیکٹری ملازم تھے، جبکہ مقتول ندیم بھی مقامی بتایا جاتا ہے۔ ادھر ناظم آباد انکوائری آفس کے قریب نامعلوم ملزمان نے لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کرکے 35سالہ محمد بلال کو زخمی کردیا اور فرار ہوگئے۔