کلکتہ میں مودی کیخلاف 5 لاکھ افراد کی ریلی
نئی دہلی(امت نیوز)بھارتی ریاست مغربی بنگال کلکتہ میں اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور ان کی جماعت بی جے پی کے خلاف بھارتی تاریخ کی سب سے بڑی ریلی نکالی گئی ۔متحد انڈیا نامی ریلی میں کم از کم 5 لاکھ افراد نے شرکت کی۔منتظمین کو ریلی میں 4 لاکھ لوگوں کی آمد متوقع تھی تاہم کلکتہ پولیس کے چیف راجیو کمار کے مطابق ریلی میں تقریباً 5 لاکھ افراد شریک ہوئے۔اپوزیشن لیڈروں کی تقایر دکھانے کے لیے جلسے کے مقام کے اطراف میں 20 بڑی اسکرینیں نصب کی گئیں۔ریلی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئےمغربی بنگال ریاست کی وزیر اعلیٰ ممتا بینرجی نے کہا کہ مودی حکومت کی ایکسپائری ڈیٹ بھی ختم ہو چکی ہے۔ریلی میں کانگریس کے صدر راہول گاندھی کو بھی شرکت کرنی تھی تاہم ان کی نمائندگی پارٹی نمائندوں نے کی ۔مودی کو معاشی بدحالی اور بے روزگاری میں اضافے پر شدید تنقید کا سامنا ہے۔ریلی سے بوکھلاہٹ کے شکار بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے کہا کہ اپوزیشن کا اتحاد میرے نہیں بھارت کیخلاف ہے ۔اپوزیشن اپنے ذاتی مفاد کے لیے سرگرداں ہے۔واضح رہے کہ بھارت میں اپریل یا مئی میں عام انتخابات ہونے والے ہیں۔