پاکستان نے جنوبی افریقہ کو پہلے ون ڈے میں شکست دیدی
پورٹ الزبتھ(امت نیوز)پاکستان نے پہلے ایک روزہ میچ میں جنوبی افریقہ کو دلچسپ مقابلے کے بعد 5 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں ایک-صفر کی برتری حاصل کرلی۔ قومی ٹیم نے جنوبی افریقہ کی جانب سے 267 رنز کا ہدف آخری اوور میں حاصل کرلیا، اوپنر امام الحق نے 86، محمد حفیظ نے 71 اور بابر اعظم نے 49 رنز بنا کر ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا جب کہ فخر زمان نے 25، شعیب ملک نے 12، سرفراز احمد نے ایک اور شاداب خان نے 18 رنز بنائے۔ پروٹیز کی جانب سے اولیور نے 2، پھلو لکوایو، عمران طاہر اور ہینڈرکس نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ پورٹ الزبتھ میں کھیلے گئے میچ میں میزبان ٹیم کے کپتان فاف ڈوپلسی نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا، پروٹیز بلے بازوں نے پراعتماد انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 266 رنز بنائے۔ اوپنر ہاشم آملہ نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے سنچری اسکور کی اور 108 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جب کہ ہینڈرکس نے 45 رنز کی باری کھیلی، ڈیبیو کرنے والے وانڈر سین 93 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، ڈیوڈ ملر 16 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستان کی جانب سے حسن علی اور شاداب خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔