سوات-راولپنڈی میں گیس لیکج سے دھماکے-3جاں بحق-8زخمی
سوات/راولپنڈی(بیورورپورٹ)سوات اور راولپنڈی میں گیس لیکج سے گھروں میں دھماکوں کے نتیجے میں 3افراد جاں بحق اور 8زخمی ہوگئے،تفصیلات کے مطابق سوات کے علاقے شاہین آباد میں لوڈشیڈنگ کے دوران گیس بھرنے سے مکان میں زورداردھماکے سے خواتین اور بچوں سمیت 8افراد زخمی ہوگئے ،رات کے وقت لوڈشیڈنگ کے باعث کمرے میں گیس بھرگئی جوزوردار دھماکے سے پھٹ گئی ،تین کمروں پر مشتمل گھر کے درویودار بھی گر گئے ،لاکھوں روپے کا سامان بھی تباہ ہوگیا ،ریسکیواہلکاروں نے زخمیوں کو سیدوشریف اسپتال منتقل کردیا ،ریسکیو ترجمان وقاراحمد کے مطابق واقعہ علی الصبح 5بجے پیش آیا سلیم ولد امیر سلم خان کے مکان میں گیس لیکج سے زوردار دھماکہ ہوا اور مکان کی دیواریں گرنے اور آگ لگنے سے اہلخانہ کے آٹھ افراد شدید زخمی ہوگئے جن میں بائیس سالہ مسماة عشرت زوجہ ندیم ،چوبیس سالہ ندیم ولد سلیم ،آٹھ سالہ شایان ،تین سالہ زاہد ،چھ ماہ کا عابد حسین پسران ندیم ،بائیس سالہ مسماة شہناز دختر سلیم ،سلیم ولد میرسلم خان زخمی ہوگئے ریسکیو اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو سیدوشریف اسپتال منتقل کردیا جہاں سے مسماة عشرت کو تشویشناک حالت میں پشاور منتقل کردیا گیا ہے راولپنڈی کے علاقے ڈھوک چودھریاں میں ایک فلیٹ میں گیس لیکج کے باعث دھماکہ ہوگیا جس کے نتیجے میں 2 خواتین سمیت 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں شبنم کیانی، حمیرا نشاط اور 17 سالہ فہد کیانی شامل ہیں۔ دھماکے کی اطلاع ملتے ہی فائربریگیڈ اور ریسکیو اہلکار فوراً موقع پر پہنچے اور آگ بجھانے کے ساتھ امدادی کارروائیوں کاآغاز کیا۔بتایا جاتا ہے کہ اہل خانہ نے رات کو چولہا جلایا اس دوران گیس چلی گئی لیکن اہل خانہ چولہے کا بٹن بند کرنا بھول گئے رات کو جب گیس کی سپلائی بحال ہوئی تو گیس باورچی خانے میں بھرگئی اور صبح جب ناشتہ بنانے کے لئے دیا سلائی جلائی گئی تو دھماکہ ہوگیا اورآگ بھڑک اٹھی،واضح رہے کہ راولپنڈی میں ایک ہفتے کے دوران گیس لیکیج کے باعث گھر میں آتشزدگی کا یہ دوسرا واقعہ ہے اس سے قبل 13 جنوری کو بھی گیس لیکیج کے باعث ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں 3 افراد زخمی ہوگئے تھے۔ جب کہ راولپنڈی ہی کے علاقے سکستھ روڈ پر ہی چار روز قبل شادی کے گھر میں آتشزدگی کے باعث دلہن سمیت 5 خواتین جھلس کر جاں بحق ہوگئی تھیں۔