ناقص کھانے کی شکایت کرنیوالے بھارتی فوجی کے بیٹے کی پراسرار موت

0

نئی دہلی(امت نیوز) بھارتی فوجیوں کو ملنے والے ناقص کھانے کی شکایت کرنے والے بارڈر سیکورٹی فورس کے جوان تیج بہادر یادیو کا جواں سال بیٹا ہریانہ میں واقع اپنی رہائش گاہ پر مردہ پایا گیا۔ انڈین ایکسپریس کا پولیس کے حوالے سے کہنا ہے کہ ضلع ریواڑی کے رہائشی 22 سالہ روہت نے اپنے کمرے میں خود کو گولی مار کر خودکشی کی۔ مذکورہ پولیس افسر کے مطابق کمرہ اندر سے بند تھا اور بستر پر موجود روہت کے ہاتھ میں پستول تھا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ نوجوان کے والد تیج بہادر کمبھ میلے میں گئے تھے، جنہیں اطلاع کردی گئی۔ واضح رہے کہ 2017 میں بی ایس ایف کی 29 بٹالین سے تعلق رکھنے والے کانسٹیبل تیج بہادر یادیو نے سوشل میڈیا پر ویڈیو میں الزام عائد کیا تھا کہ سرحد پر تعینات فوجیوں کو ناقص کھانا دیا جاتا ہے بلکہ کبھی کبھار تو وہ بھوکے ہی سوجاتے ہیں۔ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد تیج بہادر کیخلاف انکوائری کا آغاز کیا گیا اور رپورٹس سامنے آئیں کہ اسے کنٹرول لائن سے ہٹا کر ہیڈکوارٹر میں پلمبر لگا دیا گیا۔ بعدازاں سمبا کی سمری سیکیورٹی فورس کورٹ نے تیج بہادر کو آپریشنل ڈیوٹی کے دوران 2 موبائل فون رکھنے اور یونیفارم میں تصویر سوشل میڈیا پر اَپ لوڈ کرکے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے جرم میں ملازمت سے برطرف کردیا تھا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More