صاف پانی کمپنی کے چیف ایگزیکٹیو شہباز شریف کیخلاف وعدہ معاف گواہ بن گئے

0

پشاور/لاہور(نمائندہ امت/مانیٹرنگ ڈیسک)مسلم لیگ ن خیبرپختون کے صدر امیرمقام آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے الزام میں نیب کے سامنے پیش ہوگئے نیب حکام نے انھیں سوالنامہ دے دیا ہے اور ہدایت کی ہے کہ وہ 15دن کے اندر سوالات کے جواب جمع کرائیں ادھر سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے خلاف صاف پانی سکینڈل میں بڑی پیشرفت ہوئی ہے اور صاف پانی کمپنی کے چیف ایگزیکٹووسیم اجمل وعدہ معاف گواہ بن گئے ہیں او رانھو نے نیب کو بیان قلمبندکرادیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ مہنگے ٹھیکے شہبازشریف کی ہدایت پر دیئے گئے،تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے صوبائی صدر امیر مقام آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے الزام میں نیب خیبرپختون کے سامنے پیش ہوگئے جہاں انہیں سوالنامہ دیدیا گیا ۔تفصیلات کے مطابق نیب حکام نے امیر مقام کو جمعرات کو طلب کیا تھا جس پر وہ پشاور میں نیب کے دفتر پہنچے جہاں نیب حکام نے ان سے سوال و جواب کئے۔نیب کے مطابق امیر مقام پر اسلام آباد، لاہور اور پشاور میں جائیدادیں جبکہ سوات، شانگلہ اور پشاور میں زرعی اراضی خریدنے کا الزام ہے۔نیب خیبرپختون کی ٹیم کے سامنے پیش ہونے کے بعد میڈیا سے بار چیت کرتے ہوئے امیر مقام کا کہنا تھا کہ سوالنامہ دیا گیا ہے جس میں آمدنی کے ذرائع سے متعلق پوچھا گیا ہے ۔15دن کے اندر جواب جمع کروائیں گے تمام اثاثوں کی تفصیلات فراہم کی جائیں گی۔میڈیا سے گفتگو میں امیر مقام نے تحریک انصاف کی سابق صوبائی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ صوبے میں اٹھائیس لاکھ ووٹ تو پی ٹی آئی نے لئے مگر انکی پرفارمنس کیا ہے۔جتنے پراجیکٹ بنائے انکی دیواریں ٹیڑھی ہیں۔عمران خان کا وطیرا ہے کہ جوساتھ نہیں وہ چوربن جاتا ہے اورجو ان کے ساتھ مل جائے دودھ سے دھل جاتا ہے۔امیر مقام نے الزام عائد کیا کہ پی کے 4سوات سے مجھے 49ووٹوں کے فرق سے ہرایا گیا جبکہ میرے حلقے کے 4تھیلے ہی غائب ہیں جس کا ذمہ دار الیکشن کمیشن ہے۔دوسری جانب سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے خلاف صاف پانی کمپنی کرپشن سکینڈل میں بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے۔ صاف پانی کمپنی کے سابق چیف ایگزیکٹیو آفیسر وسیم اجمل وعدہ معاف گواہ بننے کیلئے تیار ہوگئے ہیں ۔ ذرائع کے مطابق نیب کی حراست میں موجود وسیم اجمل نے صاف پانی مقدمے میں مہنگے ٹھیکے دینے کا ملبہ بھی شہباز شریف پر ڈال دیا ہے۔ وسیم اجمل نے اپنا ابتدائی بیان ریکارڈ کروادیا ہے جس کے مطابق شہباز شریف کے احکامات پر مقامی کمپنیوں کے بجائے غیر ملکی کمپنیوں کو بلایا گیا اور مہنگے ٹھیکے دیئے گئے۔ شہبازشریف کے علاوہ 4افسران اور 2بورڈ ممبران نے بھی صاف پانی فراہمی کے منصوبے میں مداخلت کی۔ یہ بھی حکم دیا گیا کہ شہبازشریف کی میٹنگ سے قبل حمزہ شہباز کو ٹھیکوں سے متعلق بریفنگ دی جائے۔ ذرائع کے مطابق چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال وسیم اجمل کو وعدہ معاف گواہ بنانے کی حتمی منظوری دیں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More