اگلے 3 سال میں ایک ارب ڈالر چینی گرانٹ متوقع

0

لاہور(اے پی پی )وفاقی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ و ریفارمز خسرو بختیار نے کہا ہے کہ چین پاکستان کو اگلے 3 سال کے دوران ایک ارب ڈالر گرانٹ دے گا، پاکستان کے چاروں اکنامک زونز کو آپریشنل کر دیا جائے تو 9 ارب ڈالر کا تجارتی خسارہ کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے‘ زراعت کے حوالے سے فروری میں چائنہ پاکستان جوائنٹ ورکنگ گروپ کام شروع کریگا‘ چین سے 100 بڑے سرمایہ کار جلد پاکستان آرہے ہیں‘ صوبہ جنوبی پنجاب کا سیکرٹریٹ 30جون سے اپنا کام شروع کردے گا ۔ وہ اتوار کے روز پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے سی پیک کو نئے فیز میں لے جانے کا پروگرام بنایا ہے‘ پاکستان اور چین نے 20دسمبر کو صنعتی تعاون کی یادداشت پر دستخط کئے ہیں‘ پی ٹی آئی نے سی پیک کے ڈھانچے کو بہت وسعت دی ہے‘ وزیر اعظم عمران خان کے دورہ چین میں ملکی معیشت کی مضبوطی پر فوکس کیا گیا ہے‘ فوری طور پر انڈسٹریل زونز پر کام شروع کرینگے جس کے تحت چین سے صنعتیں پاکستان منتقل ہونگی۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد‘ دھابیجی و دیگر علاقوں میں صنعتیں چل پڑیں تو ملکی برآمدات میں ساڑھے9 ارب ڈالر کا اضافہ ہو گا اور چین سے تین ارب ڈالر کی درآمدات کم ہو سکتی ہیں‘ جس سے تجارتی خسارہ میں کمی آئیگی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا فوکس ہے کہ کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کو کم کیا جائے‘ ملکی برآمدات میں اضافہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے‘ گزشتہ ماہ تجارتی خسارہ میں 19فیصد کمی آئی جبکہ برآمدات میں اضافہ اور درآمدات میں کمی واقع ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ زراعت کو سی پیک میں اہمیت نہیں دی گئی تھی‘ پی ٹی آئی کی حکومت نے زرعی شعبہ میں تعاون بڑھانے کیلئے چین کو قائل کیا ہے‘ چین کی دنیا سے زراعت‘ لائیوسٹاک میں سات ارب ڈالر اور فشریز میں تین ارب ڈالر کی درآمدات ہیں جس میں پاکستان کا کوئی حصہ نہیں ‘ سبزیوں اور پھلوں کی پراسیسنگ میں چین تعاون کریگا‘ کوشش ہے کہ ہم چین کی ضروریات کو پورا کریں‘ انہوں نے کہا کہ چین کے سماجی معاشی ترقی پر بھی معاہدہ ہوا ہے‘ سکلڈ ڈویلپمنٹ پر توجہ دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کم ترقی یافتہ علاقوں میں تعلیم‘ صحت‘ ایری گیشن سمیت دوسرے شعبوں میں ترقی دینا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں‘ چین اگلے3 سال میں پاکستان کو ایک ارب ڈالر کی گرانٹ دیگا جس سے غربت میں کمی آئیگی‘ چین نے 70کروڑ افراد کو غربت سے نکالا‘ چین کے تعاون سے غربت کے خاتمے پر کام کیا جارہا ہے‘ چینی ماڈل کی طرز پر پاکستان میں غربت کے خاتمہ کیلئے پائلٹ پراجیکٹس شروع کرنے سے غربت میں کمی آئیگی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More