ڈومیسٹک کرکٹ کا شیڈول پھر تبدیل
لاہور (امت نیوز)پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے ایک مرتبہ پھر ڈومیسٹک کرکٹ کے شیڈول میں ہنگامی طور پر تبدیلیاں کردی ہیں جن سے پاکستانی کھلاڑیوں کے انگلش کاؤنٹی کے معاہدے خطرے میں پڑ گئے ہیں۔میڈیا رپورٹ کے مطابق پی سی بی پرانے فارمولا پر عمل کرنے کیلئے بے چین نظر آتا ہے جس کے تحت چار روزہ میچوں پر مشتمل قائد اعظم ٹرافی کے ہر راؤنڈ کے بعد ون ڈے کپ کے میچز منعقد کرائے جائیں گے اور دونوں فارمیٹ کیلئے ایک ہی مقام کا انتخاب کیا جائے گا۔رپورٹ کے مطابق 2014 میں بھی اس ڈھانچے کے تحت ڈومیسٹک میچز کا انعقاد ہوتا تھا تاہم توقعات کے مطابق نتائج سامنے نہ آنے پر اس سسٹم کو ختم کر کے نیا نظام متعارف کرا دیا گیا۔قائد اعظم ٹرافی 19-2018 میں ہونے والی ان تبدیلیوں کی وجہ سے جن پاکستانی کھلاڑیوں نے انگلش کاؤنٹی سے معاہدے کر رکھے ہیں انہیں اپنے معاہدوں کے برخلاف وطن واپس لوٹنا ہو گا کیونکہ ڈپارٹمنٹس کی جانب سے ٹیم کے کیمپ میں رپورٹ کرنے کے لیے 15 اگست کی ڈیڈ لائن دی گئی ہے۔