شیخ رشیدکاٹرینوں میں بغیرٹکٹ سفرپرسزاؤں کا اعلان
ملتان (اے پی پی)وفاقی وزیرریلوے شیخ رشید احمد نے ٹرینوں میں بغیرٹکٹ سفرپرسزاؤں کا اعلان کر دیا،انہوں نے کہاکہ بغیر ٹکٹ سفرکرنابھی کرپشن اورملک وقوم کولوٹنے کے مترادف ہے،یکم فروری تا28فروری ہم صفائی مہم چلائیں گے اورایک ماہ کے دوران مجھ سمیت تمام افسران ٹریک پررہیں گے اور چھاپے ماریں گے انہوں نے کہاکہ اس ٹرین سے ملتان کراچی ،لاہور سیکشن سے آکرلیہ بھکرجانیوالے مسافروں کیلئے آسانی ہوگی ۔ان مسافروں کیلئے کراچی سے بھی بکنگ کی سہولت فراہم کی جائے گی ۔انہوں نے کہاکہ ملتان ریلوے اسٹیشن پرنئی سہولتیں فراہم کی جائیں گی ،مسافروں اوریلوے ملازمین کی سہولت کیلئے ریلوے فارمیسی کومزید فعال کیاجائے گا۔ نیاویٹنگ روم اورنیامیٹنگ ہال بھی بنایاجائے گا۔انہوں نے کہاکہ ملتان سے فیصل آبادکے لئے فیصل آباد ایکسپریس بھی چلائی گئی ہے جس پرمسافروں کی دلچسپی توقع سے زیادہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ ملتان کے لوگوں کی سہولت کے لئے رحمان بابا ایکسپریس کابھی ملتان میں سٹاپ دیاجارہاہے۔انہوں نے کہاکہ میں بے خبرنہیں بلکہ باخبروزیر ہوں ۔ہمارے پاس فنڈزکی کمی ہے میں وزیرخزانہ اسدعمرکامشکورہوں کہ انہوں نے پنشن کے فنڈز اورتنخواہوں کے فنڈز بحال کردیئے ہیں ۔ریلوے ٹریک اورسگنل کے حالات برے ہیں جنہیں بہتربنایاجارہاہے ۔انہوں نے کہاکہ چارماہ کے دوران ملتان سے مسافروں کی تعداد میں 40فیصد اضافہ ہواجو خوش آئندہے ۔یکم فروری تا28فروری ہم صفائی مہم چلائیں گے اورایک ماہ کے دوران مجھ سمیت تمام افسران ٹریک پررہیں گے اوربغیرٹکٹ سفرکرنے والوں کو اب جرمانے نہیں بلکہ سزائیں دی جائیں گی۔عوام ہمارے ساتھ تعاون کریں اور قوم درست ٹریک پرآجائے ۔انہوں نے کہاکہ اس ایک مہینے کے دوران میں خود اپنے خرچ پرہیلی کاپٹرکے ذریعے بھی دورہ کروں گااورچھاپے ماروں گا ۔انہوں نے کہاکہ بغیر ٹکٹ سفرکرنابھی کرپشن اورملک وقوم کولوٹنے کے مترادف ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ ہم چودہ سال بعد باپردہ خواتین کی سہولت کے لئے ہرٹرین کے ساتھ ایک لیڈیز کوچ لگارہے ہیں تاکہ باپردہ خواتین اپنی فیملی کے ہمراہ آسانی سے سفرکرسکیں،ہم ایک وی وی آئی پی ٹرین بھی چلائیں گے جس میں فائیوسٹار سہولتیں دی جائیں گی ۔اس کا ٹکٹ مہنگاہوگالیکن جواعلیٰ سہولتیں ہم دیں گے عوام اس کیلئے رقم اداکرنے کوتیارہے ۔انہوں نے کہاکہ میں وزیراعظم کے پاس بھرتیوں کامعاملہ لے کرجاؤں گے کہ ہمارے پاس چندہزار اسامیوں کیلئے دس لاکھ درخواستیں آئی ہیں ،گینگ مین ،گیٹ مین کی کلاس فوراسامیوں کیلئے بی اے پاس لاکھوں نوجوانوں نے درخواستیں دی ہیں ۔صرف راولپنڈی میں ایک ہزاراسامیوں کیلئے تین لاکھ درخواستیں آئی ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہم بیس نئی ٹرینیں چلاچکے ہیں اورمزید ٹرینیں بھی چلائیں گے ۔تھل ایکسپریس کا8سال بعد دوبارہ اجراء کیاجارہاہے ۔ہمارے پاس ایک بھی کوچ نہیں ہے لیکن ایک ماہ کے اندر یہ ٹرین چلائی جائے گی اورنئی کوچیں آنے پران پرانی کوچزکوتبدیل کردیاجائے گا۔انہوں نے کہاکہ میں نے 230نئی کوچز کاٹینڈرکینسل کردیاہے اوراب ان کاٹینڈر دوبارہ دیاجائے گا۔دریں اثناایوان تجارت وصنعت ملتان میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ 20فروری تک ملتان سے تھل ایکسپریس چلادی جائے گی، ہم نے اس سال 20فریٹ ٹرینیں چلانے کاٹارگٹ مقرر کیا ہے، صنعت کاروں کو بھی پیشکش ہے کہ وہ فریٹ ٹرین چلائیں ہم ٹریک اوردیگرسہولیات کا 23لاکھ روپے فی چکر لیں گے، آپ جتنا مرضی کمائیں یامل کراپنے مال کی نقل وحمل کریں۔ شیخ رشیداحمد نے مزید کہاکہ ملتان سے چلنے والی یایہاں سٹاپ کرنے والی لگ بھگ تمام ٹرینوں کوراولپنڈی اورکراچی سے منسلک کررہے ہیں۔ ریلوے کے ہسپتال اورسکول پرائیویٹ کردیں گے ،صنعت کار آگے بڑھیں اوراس موقع سے فائدہ اٹھاکر کاروباراورملک کی خدمت بھی کریں ۔اس کے علاوہ ہمارے پاس تین تین سو ،چار چار سو ایکڑ ریلوے اراضی جگہ جگہ موجودہے صنعت کاریہاں نرسریاں بنائیں صنعت کاروں اور چیمبر ممبران کے دس بارہ سال پہلے بھی یہی مطالبات تھے آج بھی وہی ہیں اوراگرمیں کچھ سال بعد پھرآیاتو امیدہے ایسے ہی مطالبات ہوں گے۔