سوشل میڈیا-انٹرنیٹ پر ناپسندیدہ موادکیخلاف سائبرکرائم ڈویژن قائم
اسلام آباد (امت نیوز) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے سوشل میڈیا سمیت انٹرنیٹ سے ناپسندیدہ مضامین، تصاویر، ویڈیوز اور خبریں ہٹانے کیلئے سائبر کرائم ڈویژن قائم کردیا ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق یہ ڈویژن فیس بک، ٹوئٹر اور یوٹیوب کی انتظامیہ سے بھی قریبی رابطے میں ہے۔ الیکٹرانک کرائم کی روک تھام کے ایکٹ (پیکا) کے تحت ڈویژن غیرقانونی مواد کیخلاف درخواستیں وصول کرکے اسے انٹرنیٹ سے ہٹوائے گا۔ پی ٹی اے پہلے ہی ناپسندیدہ ویب سائٹس کیخلاف سرگرم ہے اور اب تک 824,878یوآر ایلز بلاک کرچکی ہے۔ تاہم فیس بک، ٹوئٹر اور یوٹیوب جیسی سائٹس کے معاملے میں پوری ویب سائٹ بلاک کرنے کے بجائے مخصوص مواد کو ہٹایا یا بلاک کیا جاتا ہے۔ اس کیلئے ان ویب سائٹس کی انتظامیہ سے سرکاری سطح پر رابطہ کیا جاتا ہے۔ فیس بک اور ٹوئٹر پہلے ہی پاکستان سے تعاون کر رہے ہیں۔ ٹوئٹر کی جانب سے حالیہ دنوں میں کئی صارفین کو حکومت پاکستان کی پالیسیوں سے متصادم ٹوئیٹس پر نوٹس جاری کئے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق اب تک فیس بک اور ٹوئیٹر سے حکومت کا رابطہ ایف آئی اے کے سائبر کرائم سیل کے ذریعے ہوتا تھا تاہم اب پی ٹی اے کا سائبرکرائم ڈویژن بھی یہ کام کرے گا۔ سرکاری ذرائع کے مطابق سائبر کرائم ڈویژن کی بدولت اسلام کیخلاف مواد کا خاتمہ بھی ممکن ہوسکے گا۔