بھارت نے نیوزی لینڈ کیخلاف سیریز جیت لی
ماؤنٹ مانگنوئی (امت نیوز) ویرات کوہلی اور روہت شرما کی نصف سنچریوں کی بدولت بھارت نے نیوزی لینڈ کو تیسرے ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ میں 7 وکٹوں سے ہرا کر پانچ میچوں کی سیریز میں 3-0کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔ بھارتی ٹیم نے 244رنز کا ہدف 43 ویں اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ روہت شرما 62 اور کپتان ویرات کوہلی نے عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 60 رنز بنائے اور اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ نیوزی لینڈ کی طرف سے روز ٹیلر نروش نانئنٹیز کا شکار ہوگئے وہ93اور لیتھم نے51رنز بنائے۔ بھارت کی طرف سے عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے محمد شامی نے 3جبکہ چاحال، کمار اور پانڈیا نے 2، 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ بھارتی باؤلر محمد شامی کو عمدہ باؤلنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ پیر کو نیوزی لینڈ اور بھارت کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان ماؤنٹ مانگنوئی کے مقام پر تیسرا میچ شروع ہوا تو نیوزی لینڈ ٹیم کے کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ کیوی ٹیم کی طرف سے مارٹن گپٹل اور کولن منرو نے اننگز کا آغاز کیا۔ کیوی ٹیم کا آغاز کچھ خاص نہ تھا جب اس کے پہلے تین کھلاڑی59کے مجموعی سکور پر پویلین لوٹ گئے تھے۔ کولن منرو پہلے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو7 رنز بناکر محمد شامی کی گیند پر روہت شرما کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ مارٹن گپٹل بھی کوئی خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکے اور13رنز بناکر کمار کی گیند پر کارتھک کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔