پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی درجہ بندی کو کوئی خطرہ نہیں
لاہور(اسپورٹس رپورٹر ) جنوبی افریقہ میں شیڈول تین میچوں پر مشمتل ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شکست کی صورت پر بھی پاکستان کی درجہ بندی کو کوئی خطرہ نہیں۔ تینوں میچ ہار کر بھی نمبرون رہے گا۔ جبکہ پروٹیز کے پاس تیسرے نمبر پر آنے کا موقع موجود ہے۔ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز یکم فروری سے شروع ہوگئی جس میں حصہ لینے کے لئے قومی ٹی ٹونٹی ٹیم کے دو کرکٹرز آصف علی اور صاحبزادہ فرحان جنوبی افریقہ پہنچ چکے ہیں ۔ دونوں کرکٹرز نے قومی کرکٹ ٹیم کو جوائن کرلیا ہے۔قومی ٹیم کے اوپنرز امام الحق اور شان مسعود آخری ون ڈے میچ کھیل کر وطن واپس آئیں گے،جبکہ آئی سی سی کی طرف سے معطلی کے باعث پاکستانی کپتان سرفراز احمد کی جگہ محمد رضوان جنوبی افریقہ میں ہی قیام کریں گے ۔جنوبی افریقہ کے خلاف 16 رکنی قومی اسکواڈ کپتان شعیب ملک، فخر زمان، محمد حفیظ، آصف علی، بابراعظم،صاحبزادہ فرحان،فہیم اشرف، عماد وسیم، شاداب خان، حسین طلعت،حسن علی، محمد عامر،اور عثمان خان پر مشتمل ہے۔