پاکستانی ویمنز ٹیم کیریبین کو قابو کرنے میں کامیاب
کراچی(اسپورٹس رپورٹر) پاکستان ویمن ٹیم نے ویسٹ انڈیز ویمن کو تیسرے اور آخری ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ میچ میں 12 رنز سے شکست دے دی، تین میچوں کی سیریز 2-1 سے ویسٹ انڈین ٹیم کے نام رہی، ویسٹ انڈین ویمن ٹیم 150 رنز کے ہدف کے تعاقب میں مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں پر 138 رنز بنا سکی، دیندرا ڈوٹن کی 46 رنز کی جارحانہ اننگز بھی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکی، ندا ڈار نے 53 رنز کی اننگز کھیل کر اور انعم امین نے 3 وکٹیں لیکر ٹیم کی جیت میں حصہ ڈالا، ندا ڈار میچ اور دیندرا ڈوٹن کے ساتھ مشترکہ طور پر سیریز کی بہترین کھلاڑی قرار پائیں۔ اتوار کو کراچی میں کھیلے گئے تیسرے اور آخری ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ میں پاکستان ویمن ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 150 رنز بنائے، ندا ڈار نے عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نصف سنچری سکور کی اور 53 رنز بنا کر نمایاں رہے، عمیما سہیل 28، جویریہ خان 10، کپتان بسمعہ معروف 19، ارم جاوید 7 اور ثناء میر بغیر کوئی رن بنائے آئوٹ ہوئیں۔
٭٭٭٭٭