پہلی یوتھ گیمز کے انعقاد کیلئے اولمپک ایسوسی ایشن سرگرم
پشاور (امت نیوز) پاکستان میں پہلی یوتھ گیمز کے انعقاد کے لئے خیبر پختونخوا اولمپک ایسوسی ایشن بھی میدان میں آ گئی ‘خیبر پختونخوا اولمپک ایسوسی ایشن نے ان گیمز کی میزبانی کی پیشکش کر دی ہے ان خیالات کا اظہار سابق صوبائی وزیر کھیل و نائب صدر پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن و صدر صوبائی اولمپک ایسوسی ایشن سید عاقل شاہ نے کے پی سپورٹس رائٹرز ایسوسی ایشن کی نومنتخب کابینہ کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہوگی کہ پہلی یوتھ گیمز کی میزبانی کا شرف پشاور کو حاصل ہو جس کے لئے آفر پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کو بھجوا دی ہے اور اگر یہ میزبانی ہمیں مل گئی تو اکتیسویں نیشنل گیمز اور انٹرپراونشل گیمز کی طرح ان گیمز کو بھی مثالی طور پر منعقد کیاجائے گا انہوں نے کہا کہ اولمپک ایسوسی ایشن کیساتھ الحاق تمام کھیلوں کی ایسوسی ایشنز کو ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام منعقد کرنے کا ٹاسک دیا گیا ہے جب تک ٹیلنٹ ہنٹ نہیں کیا جائے گا اس وقت تک اچھے کھلاڑی سامنے نہیں آئیں گے انہوں نے کہا کہ تمام ایسوسی ایشنز کے لئے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام لازمی قرار دیا گیا ہے انہوں نے کہا کہ قبائلی اضلاع کے ضم ہونے کے بعد قبائلی اضلاع کی اولمپک ایسوسی ایشن بھی کے پی اولمپک ایسوسی ایشن میں ضم ہوجائے گی تا ہم اس سلسلے میں اعلامیہ کا انتظار ہے اور اس سے ہمیں قومی کھیلوں کے لئے مضبوط دستہ بنانے میں بھرپور مدد ملے گی انہوں نے کہا کہ قبائلی اضلاع سے بہترین کھلاڑی ہمارے دستے میں شامل ہوں گے اور کوئٹہ میں ہونیوالے گیمز میں کے پی کی پوزیشن پہلے سے زیادہ مضبوط اور اچھی ہوگی جس کی ہمیں خوشی ہے اور امید ہے کہ یہی کھلاڑی نہ صرف قومی بلکہ بین الاقوامی سطح پر ملک وقوم کانام روشن کریں گے انہوں نے افسوس کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ جن مقاصد کے لئے کروڑوں کی لاگت سے اولمپک پلازہ قیوم سپورٹس کمپلیکس میں تعمیر کیا گیا تھا تاحال وہ پورے نہیں کئے گئے۔
٭٭٭٭٭