قومی ہیڈ کوچ نے کھلاڑیوں کو فائٹر قرار دیدیا
لاہور(اسپورٹس رپورٹر )قومی ہیڈ کوچ نے کھلاڑیوں کو فائٹر قرار دیدیا۔قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے کہا ہے کہ جنوبی افریقہ میں کوئی سائوتھ ایشین ٹیم ٹیسٹ سریز نہیں جیت سکی،جنوبی افریقہ میں ٹیم کے کھلاڑیوں کا جذبہ قابل تحسین تھا، ٹی ٹونٹی اور ون ڈے کرکٹ میں کھلاڑیوںنے جنوبی افریقہ کا مقابلہ کیا مگر بدقسمتی سے سریز ہار گئے۔ قذافی سٹیڈیم لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مکی آرتھر نے کہا کہ ٹیسٹ ٹیم میں صرف تین کھلاڑی ایسے تھے جو کہ پہلے سائوتھ افریقہ کا دورہ کرچکے تھے ،سائوتھ افریقن ٹیم کو بھی بہترین پرفارمنس پر کریڈٹ دیتا ہوں ، مایوسی ہوئی کہ پاکستان ایک روزہ سریز نہیں جیت سکا، جنوبی افریقہ میں ناکامیوں سے قطع نظر ایک اچھی بات ہے کہ نوجوان کرکٹرز کی کارکردگی میں نکھار آیا، ون ڈے میں بھی کارکردگی بہتر ہوئی،سائوتھ افریقہ کا دورہ ہر ایشین ٹیم کے لئے مشکل ہوتا ہے ،ہمارے کھلاڑیوں نے سائوتھ افریقہ کی خطرناک بولنگ لائن کے خلاف اچھی پرفارمنس دی ،قومی ٹیم نے جنوبی افریقہ کے دورہ سے بہت کچھ سیکھا جو کہ مستقبل میں کام آئے گا ، کھلاڑی ورلڈ کپ کے لئے تیار ہیں۔