ٹی ٹوئنٹی میں بھارت کا کیویز کو منہ توڑ جواب
آکلینڈ (اسپورٹس ڈیسک) بھارت کا نیوزی لینڈ کے خلاف تین ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز میں جاندار کم بیک، میزبان ٹیم کو دوسرے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ میچ میں 7 وکٹوں سے شکست دیکر تین میچوں کی سیریز میں 1-1 سے برابر کر دی۔ کپتان روہت شرما نے چار چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے 50 اور ریشبھ پانٹ ناقابل شکست 40 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ میزبان ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 158 رنز بنائے، گرینڈہوم نے 4 چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 50 رنز بنائے جو رائیگان گئے، بھارت کی طرف سے کرونل پانڈیا نے تین اور خلیل احمد نے دو جبکہ کمار اور پانڈیا نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ جواب میں بھارتی ٹیم نے کپتان روہت شرما اور ریشبھ پانٹ کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت مطلوبہ ہدف 18.5 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ کرونل پانڈیا کو عمدہ بائولنگ کا مظاہرہ کرنے پر میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔