ہاکی فیڈریشن کے افسران اپنی کرسی بچانے کیلئے سرگرم
اسلام آباد(خبر ایجنسی)پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ایک بار پھر فیڈریشن کیخلاف اٹھنے والی آوازیں روکنے کیلئے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کرنا شروع کر دیئے ہیں اور فیڈریشن کیخلاف بات کرنے پر پنجاب ہاکی ایسو سی ایشن نے پی ایچ ایف کانگرنس ممبر سید علی عباس کو نوٹس جاری کر دیا ہے ۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر کے بھائی اور پنجاب ہاکی ایسو سی ایشن کے سیکرٹری آصف ناز کھوکھر کی جانب سے جاری ہونیوالے نوٹس میں کہا گیا کہ پی ایچ ایف کانگرنس ممبر اور گوجرانوالہ ہاکی ایسو سی ایشن کے صدر کی حیثیت سے علی عباس نے فیڈریشن کیخلاف بیانات دیئے جس سے فیڈریشن کی ساکھ کو نقصان پہنچا جبکہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر کی ہدایت پر نوٹس جاری کیا گیا ، نوٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ ہاکی فیڈریشن کیخلاف بیانات پر نوٹس کا جواب 11فروری تک دیا جائے ۔ واضح رہے کہ پاکستان کی ورلڈ کپ ، ایشین گیمزسمیت دیگر انٹرنیشنل ایونٹس میں شرمناک کارکردگی پر اولمپینز کی ایک بڑی تعداد سراپا احتجاج ہے اور وزیر اعظم عمران خان سے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے عہدداران کو برطرف کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں ۔