وفاق میں حکومت کیلئے نمبرپورے کرنے کا پی ٹی آئی دعویٰ
اسلام آباد (نمائندہ امت) تحریک انصاف نے قومی اسمبلی اور پنجاب میں حکومت بنانے کے لیے مطلوبہ نمبرز پورے ہونے کا دعویٰ کیا ہے۔گزشتہ روز2مزید آزادارکان قومی اسمبلی تحریک انصاف میں چلے گئے۔13 میں سے 6 پہلے ہی تحریک انصاف کا حصہ بن چکے ہیں۔جہانگیر ترین کا فواد چوہدری کے ہمراہ بنی گالہ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ حکومت بنانے کے لیے ہمارے نمبرز پورے ہو چکے ہیں، قومی اسمبلی کے 9 آزاد اراکین تحریک انصاف میں شامل ہو چکے ہیں جب کہ پنجاب میں ہمارے نمبرز 185 سے تجاوز کر چکے ہیں۔ فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ کابینہ میں کون شامل ہو گا اور کون کس عہدے پر فائز ہو گا اس کا فیصلہ عمران خان خود کریں گے۔دریں اثناتحریک ا نصاف نے وفا ق ، پنجاب اور خیبر پختو نخوا میں حکومت سا زی کے لیے وفاقی کا بینہ سمیت وزرائے اعلٰی ٰ اور سپیکرز کے نام بھی تقریبا طے کر لیے ہیں۔ ذرائع کے مطابق بنی گالا میں رات گئے تک جاری اجلاس میں جو نام فائنل ہو ئے ان کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی عارف علوی ، وزیر داخلہ شاہ محمود قریشی اوروزیر خارجہ خسرو بختیار ہو سکتے ہیں۔ وزیر خزانہ اسد عمر ،وزیر دفاع شیریں مزاری ،وزیر قانون فروغ نسیم ،وزیر ریلوے شیخ رشید،وزیر اطلاعات فواد چودھری، وزیر صحت ڈاکٹر غزنہ خالد،وزیر انسانی حقوق چودھری سرور،وزیر تجارت عمر ایوب ،وزیر بجلی و پانی پرویز خٹک ،وزیر سپورٹس مونس الہی ،وزیر پورٹس اینڈ شپنگ، غلام سرور خان ،وزیر خوراک و زراعت علی امین گنڈاپور ،وزیر امور کشمیر شفقت محموداور وزیر تعلیم میجر طاہر صادق ہو ں گے ۔ گورنر پنجاب کے لیے علیم خان ،وزیر اعلی پنجاب کے لیے ڈاکٹر یاسمین راشد،سپیکر کے لیے چوہدری پرویز الٰہی ،گورنر سندھ کے لیے نعیم الحق ،گورنر کے پی کے نور اورکزئی ،وزیراعلی کے پی کے لیے عاطف خان جبکہ سپیکر کے لیے شاہ فرمان کے نام سا منے آ ئے ہیں۔