عالمی ریسلنگ فیڈریشن بھی بھارتی رویئے پر برہم
کراچی (امت نیوز)پاکستانی کھلاڑیوں کو ویزا نہ دینے پر ورلڈ ریسلنگ فیڈریشن نے تمام ممالک کو بھارت سے تعلقات ختم کرنے کی ہدایت کردی۔ورلڈ ریسلنگ فیڈریشن کی جانب سے پاکستان سمیت تمام رکن ممالک کو خط لکھا گیا ہے جس میں انہیں بھارتی ریسلنگ فیڈریشن کے ساتھ ہر قسم کی بات چیت سے روک دیا گیا ہے۔ورلڈ ریسلنگ فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل کی طرف سے کہا گیا ہے کہ جب تک بھارت کی حکومت تمام ریسلرز کو ویزے جاری کرنے کی تحریری ضمانت نہیں دیتی، اس وقت تک بھارت کی ریسلنگ باڈی سے تمام روابط ختم کردیئے جائیں۔ورلڈ ریسلنگ فیڈریشن انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے احکامات کی روشنی میں عملی طور پر ایسا کرنے والی پہلی انٹرنیشنل باڈی بنی ہے۔ آئی او سی نے شوٹنگ ورلڈ کپ کے لیے پاکستانی ٹیم کو ویزے جاری نہ کرنے پر چند روز پہلے احکامات جاری کیے تھے۔بھارت کو کھیلوں میں تنہا کرنے میں پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر سید عارف حسن کی کوششوں کا اہم کردار ہے۔
٭٭٭٭٭