کراچی کے شائقین کرکٹ سپائیڈر کیمرے کی سہولت سے محروم رہیں گے
کراچی(آن لائن)بیک وقت 2سٹیڈیمز میں تنصیبات ممکن نہ ہونے کی وجہ سے پی ایس ایل کا پاکستان میں میلہ ایک ہی جگہ سجانے کا فیصلہ کرنا پڑا، کراچی میں بھی سپائیڈر کیمرے کی سہولت میسر آنیکا امکان نہیں ہے ۔تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل فور کے پہلے مرحلے میں دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم پر7میچز کھیلے گئے تاہم نشریاتی حقوق رکھنے والی بھارتی کمپنی نے مودی سرکارکے منفی پروپیگنڈے کا بھرپور ساتھ دیتے ہوئے ایونٹ کے باقی میچز براہ راست دکھانے سے انکار کردیا،اسوقت شارجہ میں مقابلے شروع ہونے میں2دن باقی تھے اور پی سی بی نے اس وقفے میں نئی کمپنی کی خدمات حاصل کرلیں ، پی سی بی کی جانب سے لاہور میں شیڈول تینوں میچز بھی کراچی منتقل کرتے ہوئے وجہ بتائی گئی کہ پروازیں تاخیر سے کھلنے کی وجہ سے قذافی سٹیڈیم میں مقابلوں کیلئے نشریاتی ادارے کی تیاریوں کے ساتھ ٹیموں اور آفیشلز کو مسائل درپیش آتے، اس لیے تمام 8 میچ کراچی میں کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، بھارتی کمپنی کے انکار پر نشریاتی معاملات سنبھالنے والے ادارے کے پاس اتنے وسائل نہیں تھے کہ وہ بیک وقت2سٹیڈیمز میں اپنی تنصیبات کا اہتمام کرسکتا، 28فروری کوپریس کانفرنس میں احسان مانی نے لاہور اور کراچی میں میچز شیڈول کے مطابق کرانے کا اعلان کیا تواس وقت بھی براڈ کاسٹنگ سے متعلق سوال پر انھوں نے کہا تھا کہ مسائل ہوسکتے ہیں لیکن ان کا حل تلاش کرلیا جائے گا۔