امت رپورٹ
آج پی ایس ایل میچ میں دفاعی چمیپئین اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف زخمی لاہور قلندرز بھاری پڑ سکتے ہیں۔ ماہرین کا ماننا ہے کہ محمد حیفظ، بریت ورتھ اور ابراہم ڈی ویلیئرز جیسے اہم ہتھیار سے محروم ہونے کے باوجود لاہور قلندرز کی ٹیم سرپرائز دینے کی صلاحیت سے لیس ہے۔ ان میں بیٹسمین فخر زمان اور فاسٹ بالر حارث رئوف گیم چینجر پرفارمنس دے سکتے ہیں۔ دوسری جانب اسلام آباد یونائیٹڈ کا بلے باز لیوک رونکی بالرز پر چڑھائی کیلئے تیار ہے۔ تاہم مجموعی طور پر لاہور قلندرز کے خلاف دفاعی چیمپینز کا پلڑا بھاری ہے۔ آج سات بجے نیشنل اسٹیڈیم میں سنسنی خیز مقابلے کو دیکھنے کیلئے ہزاروں تماشائیوں کی آمد متوقع ہے۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان سُپر لیگ کی سب سے مضبوط قرار دی جانے والی ٹیم لاہور قلندرز حسب روایت توقعات پر پورا اترنے میں ناکام رہی ہے۔ ابتدائی ناکامیوں کے بعد لاہور قلندرز کے سُپر بیٹسمین ابراہم ڈی ویلیئرز نے فارم میں آکر شکستوں کو بریک لگایا۔ مگر اب وہ بھی انجرڈ ہوکر پی ایس ایل کے کراچی میں ہونے والے مقابلوں سے باہر ہوگئے ہیں۔ اس سے قبل ٹیم کے کپتان محمد حفیظ بھی زخمی ہونے کے باعث پی ایس ایل اور ورلڈ کپ دونوں سے ہی ہاتھ دھو بیٹھے۔ قلندرز کو تیسرا جھٹکا زمبابوے کے وکٹ کیپر بیٹسمین برینڈن ٹیلر کی ہیمسٹرنگ انجری کی صورت میں لگا۔ وہ بھی قلندرز کو ایونٹ کے عین درمیان میں چھوڑ کر رخصت ہوگئے۔ اب ایک اور غیر ملکی کھلاڑی ریان ٹین ڈوئچے کو بھی انجری نے آگھیرا ہے اور لاہور قلندرز کی ٹیم ڈچ آل راؤنڈر کی خدمات سے بھی محروم ہو گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق لاہور قلندرز کی انتظامیہ نے غیر ملکی کھلاڑیوں کا کوٹہ پورا کرنے کیلئے بڑی سوچ بچار کے بعد دو ’’فارن پلیئرز‘‘ کا نام فائنل کیا ہے۔ انگلینڈ کے فرسٹ کلاس کرکٹر رکی ویسلز اور سری لنکا کے آل راؤنڈر اسیلا گرانتنے کو متبادل کھلاڑیوں کے طور پر ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ ریان ٹین ڈوئچے پشاور زلمی کیخلاف ابو ظہبی میں کھیلے گئے میچ میں انجرڈ ہو گئے تھے۔ جبکہ نیوزی لینڈ کے کورے اینڈرسن پاکستان آنے سے معذرت کر چکے تھے، جس کے باعث متبادل کھلاڑیوں کی خدمات حاصل کی گئیں۔ رپورٹ کے مطابق فرنچائز نے نیدر لینڈ سے تعلق رکھنے والے آل راؤنڈر کی جگہ انگلش وکٹ کیپر بیٹسمین رکی ویسلز کی خدمات حاصل کر لی ہیں اور وہ دیگر غیر ملکی کرکٹرز کے ہمراہ کراچی پہنچ چکے ہیں۔ لاہور قلندرز کے مقامی کھلاڑی جمعرات کو ہی وطن واپس آگئے تھے۔ جمعہ کو کراچی آنے والے غیر ملکی کرکٹرز میں ڈیوڈ ویز، اینٹن ڈیوچ، سندیپ لامی چینے اور ہارڈس ویلجوئین شامل ہیں۔ جبکہ اسیلا گرانتنے آج ٹیم کو جوائن کریں گے۔ تاہم اسلام آباد کیخلاف اہم میچ کیلئے انہیں ٹیم میں شامل کئے جانے کا امکان کم ہے۔ ڈی ویلیئرز اور کورے اینڈرسن جیسے بڑے ناموں کی عدم دستیابی کے باوجود ماہرین کا کہنا ہے کہ زخمی قلندرز آج اسلام آباد کے تگڑے اسکواڈ پر بھاری پڑ سکتے ہیں۔ اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ ٹیم کی قیادت فخر زمان کر رہے ہیں، جو بڑے میچ کے کھلاڑی تصور کئے جاتے ہیں۔ ٹیم میں ان کے علاوہ حارث سہیل، ڈیوڈ ویز، سلمان آغا، شاہین شاہ آفریدی، راحت علی، سندیپ لامی چننے اور حارث رؤف جیسے میچ ونر کھلاڑی شامل ہیں۔ اس کے مقابلے میں اسلام آباد کی ٹیم بیٹنگ پاور ہاؤس ہے، جس میں لیوک رونکی، کیمرون ڈیلپورٹ، آصف علی، حسین طلعت، صاحبزادہ فرحان اور رضوان حسین قابل ذکر ہیں۔ جبکہ آل راؤنڈرز کا شعبہ سمت پٹیل، شاداب خان، فہیم اشرف اور وین پارنیل پر مشتمل ہے۔ معروف کرکٹ ویب سائٹ سے حاصل کردہ ریکارڈ کے مطابق اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف لاہور قلندرز کو ریکارڈ انتہائی ناقص رہا ہے۔ پی ایس ایل میں اب تک اسلام یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز کے درمیان مجموعی طور پر 9 میچ کھیلے گئے ہیں، جن میں قلندرز کو صرف 2 میچوں میں ہی کامیابی حاصل مل سکی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان گزشتہ برس ایک میچ ٹائی ہوگیا تھا، جس کا فیصلہ سُپر اوور میں ہوا اور اسلام آباد کی ٹیم ایک اوور کے گیم میں بازی لے گئی تھی۔ رپورٹ کے مطابق کراچی کا نیشنل اسٹیڈیم آج لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے میچ کی میزبانی کرے گا۔ میچ شام 7 بجے شروع ہوگا۔ گزشتہ روز دونوں ٹیموں نے نیشنل اسٹیڈیم میں سخت ٹریننگ کی۔ اس موقع پر سیکورٹی کے بھی زبردست انتظامات کئے گئے تھے اور ٹیموں کو نیشنل اسٹیڈیم پہنچانے کیلئے شاہراہ فیصل بند کر دی گئی تھی۔
٭٭٭٭٭
Prev Post