کورنگی میں خواتین سے پرس چھیننے والا ملزم گرفتار-درجنوں وارداتوں کا اعتراف
کراچی(اسٹاف رپورٹر)کورنگی صنعتی ایریا پولیس نے خواتین سے پرس چھیننے والے گروہ کے کارندے کو گرفتار کرلیا۔ ملزم نے درجنوں وارداتوں کا اعتراف کیا ہے۔ پولیس نے کا کہنا ہے کہ ملزم کے با اثر افراد اور بعض پولیس اہلکاروں سے تعلقات ہیں، جس پر اس کو پکڑے جانے کی صورت میں بچالیا جاتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق کورنگی صنعتی ایریا کے علاقے کے ڈی اے ایمپلائز کالونی میں خواتین سے پرس چھینے کی کئی وارداتیں ہوچکی ہیں، تاہم پولیس ملزمان کو گرفتار کرنے میں ناکام تھی۔ 2 روز قبل آسیہ حبیب نامی خاتون نے پولیس کو اطلاع دی تھی اور ملزم شاہ رخ نے دوبارہ پرس چھیننے کی کوشش کی تھی، تاہم شور کرنے پر لوگوں نے ملزم کو پکڑلیا اور پولیس کے حوالے کرنے پر مقدمہ نمبر 600/18 درج کرا دیا گیا۔ پولیس افسر کا کہنا ہے کہ ملزم زمان ٹاؤن ، کورنگی اور دیگر تھانوں کے ہاتھوں پکڑا جاچکا ہے ، تاہم بااثر افراد اس کو بچالیتے تھے۔ مدعیہ آسیہ کے ڈی اے ایمپلائز سوسائٹی کی رہائشی ہے، 2 ماہ قبل ملزم اس سے پرس چھین چکا ہے اور دوبارہ واردات پر اس نے ملزم کو شناخت کرلیا۔ ملزم کا ریمانڈ لیکر تفتیش شروع کردی گئی ہے۔