شاہد آفریدی نے کرس گیل کو سنگل وکٹ کا چیلنج کردیا
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک ) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے ویسٹ انڈیز کے اوپننگ بلے باز کرس گیل کو سنگل وکٹ کھیلنے کا چیلنج دے دیا۔یاد رہے کہ ویسٹ انڈین جارح مزاج بیٹسمین کرس گیل نے بنگلہ دیش کے خلاف تیسرے اور آخری ون ڈے میچ میں 66 گیندوں پر 5 چھکوں کی مدد سے73رنز سکور کیے اور اس دوران انہوں نے اب سب سے زیادہ چھکے مار کر شاہد آفریدی کے 476چھکوں کا ریکارڈ برابر کردیا۔کرس گیل انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے زیادہ 476 چھکے مارنے والے کھلاڑی بن گئے جب کہ اس سے پہلے یہ اعزاز شاہد آفریدی کے پاس تھا جو اب برابر ہوگیا۔ایک انٹر ویو کے دوران گیل کا کہنا تھا کہ شاہد آفریدی کا 476 چھکوں کا ریکارڈ برابر کرنا آسان نہیں تھا تاہم اب یہ برابر ہوگیا تو میرے لیے خوشی کی بات ہے کہ میں پہلا ریکارڈ بنانے والے کو جوائن کرسکا،اب میں مزید چھکے نہیں ماروں گا لہذا بوم بوم کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں کیونکہ ان کا ریکارڈ قائم رہے گا۔جس پرشاہد آفریدی کہا کہ ریکارڈ برابر ہونا میرے لیے کوئی پریشانی کی بات نہیں بلکہ میں آپ کو سراہتا ہوں،آئیے ایسا سنگل وکٹ میچ کھیلتے ہیں کہ جس میں آؤٹ ہونے کا کوئی قانون نہیں ہو، پھر دیکھتے ہیں کہ کون زیادہ چھکے مار سکتا ہے۔