چین میں پھنسے شاہین ائیر کے مسافر پی آئی اے لائے گی

0

کراچی (اسٹاف رپورٹر)گوانگ زو میں پھنسے شاہین ایئر کے 300مسافروں کووطن واپس لانے کیلئے پی آئی اے کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، قومی ائیر لائن کمرشل شرائط پرمسافروں کو لاہور لائے گی، سول ایوی ایشن نے بھی پروازوں کی اجازت دیدی، وزارت خارجہ نے چین میں پھنسے مسافروں کو شاہین ایئر کی جانب سے سہولیات فراہمی پر اطمینان کا اظہار کیا ہے، جن مسافروں کے ویزے ختم ہوگئے، انکے ویزوں میں توسیع کیلئے چینی حکام سے رابطے جاری ہیں۔ تفصیلات کے مطابق شاہین ایئر کے300 مسافروں کو چین سے پاکستان لانے کیلئے پی آئی اے کی خدمات حاصل کرلی گئی ہیں۔ ترجمان شاہین ایئر کے مطابق معاونت کیلئے سول ایوی ایشن نے شاہین ایئر کی مدد میں توسیع کر دی ہے اور کمرشل شرائط پر مسافروں کو واپس لانے کیلئے پی آئی اے شاہین ائیر کی معاونت کرے گا۔ شاہین ایئر کے ڈائریکٹر مارکیٹنگ ذوہیب حسن نے بتایاکہ گزشتہ روز شاہین ایئر اور سی اے اے کے اعلیٰ حکام کے درمیان ہنگامی میٹنگ میں یہ طے پایا کہ پی آئی اے کمرشل شرائط پر شاہین ائیر کی مسافروں کو وطن واپس لا نے میں مدد فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس مشکل وقت پر گوانگ زو میں ہمارے مسافروں کی دشواریوں کو سمجھتے ہوئے ہماری مدد کے حوالے سے ہاتھ بڑھانے کیلئے ہم سی اے اے کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے مزید کہاہم پی آئی اے سے جواب کا انتظار کررہے ہیں اور بخوبی واقف ہیں کہ مسافر گوانگ زو میں کن مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں، ہم ان کو پاکستان واپس لانے کیلئے جلد ممکنہ حل فراہم کرنے کیلئے تیار ہیں۔ دوسری جانب ترجمان وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ شاہین ایئر گونزو، لاہور روٹ پر ہفتے میں 2 پروازیں چلاتی ہے، شاہین ایئر کی 29 جولائی کی فلائٹ منسوخ ہوئی تو 260 مسافر پھنس گئے، پاکستانی قونصل جنرل کے تعاون سے214مسافر متبادل پرواز سے وطن واپس پہنچے، جبکہ 46مسافروں نے شاہین ایئر کی اگلی پرواز سے واپسی کو ترجیح دی۔ اسی طرح شاہین ایئر کی 2 اور 5 اگست کی پروازیں بھی منسوخ ہو گئیں۔ ترجمان نے کہا کہ گوانزومیں پاکستانی قونصل جنرل نے مسافروں کو سہولیات کی فراہمی کا آغاز کیا۔ شاہین ایئرنے مسافروں کو ہالیڈےولاہوٹل گوانزو میں رہائش فراہم کی ہے۔ مسافروں کو ایئرلائنز کی جانب سے خوراک فراہم کی جا رہی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستانی قونصل جنرل نےمسافروں سےملاقات کی اور مسافروں کو دی گئی سہولیات پر اطمنان کا اظہار کیا۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستانی قونصل جنرل، شاہین ایئر، مسافروں اور چینی حکام سےمسلسل رابطے میں ہیں، جن مسافروں کا ویزاختم ہو چکا، ویزا توسیع کیلئےچینی حکام سے رابطے میں ہیں، چین کی وزارت خارجہ کے مقامی حکام مکمل تعاون فراہم کر رہے ہیں، شاہین ایئر مسافروں کی جلد وطن واپسی کیلئے کوشاں ہے۔ ‘‘امت ’’نے مذکورہ معاملے پر ترجمان پی آئی اے مشہود تاجور سے بات کی تو انہوں نے کہا کہ آج دوپہر پی آئی اے پرواز چین بھیجنے کیلئے شیڈول کی جارہی ہے تاہم وہ یہ بتانے سے قاصر ہیں کہ پی آئی اے اس کمرشل سروس کیلئے شاہین ایئر سے چارٹر کی مد میں کتنی وصولی کرے گی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More