کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) جناح اسپتال کی انتظامیہ نے شعبہ حادثات وہنگامی طبی امداد سے متصل 3 مکانات اور بیر ک واگزار کرا لی۔مذکورہ مکانات اور بیرک پر قابضین کئی برس سے رہائش اختیار کئے ہوئے تھے اور اسپتال کی بجلی و گیس بھی استعمال کی جا رہی تھی ۔ ہفتے کو ڈپٹی ڈائریکٹر جے پی ایم سی ڈاکٹر سلمان نے پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے اسپتال کی بیرک اور3 مکانات کو قابضین سے واگزار کرا لیا ۔ ڈاکٹر سلمان نے‘‘ امت’’ کو بتایا کہ ڈائریکٹر جے پی ایم سی ڈاکٹر سیمی جمالی کی جانب سے اسپتال کی اراضی و مکانات واگزار کرانے کیلئے بنائی گئی کمیٹی نے قبضہ کئے گئے مکانات و اراضی کی فہرست تیار کی اور ڈی آئی جی ساؤتھ سے پولیس نفری کی درخواست کی گئی ۔ پہلے مرحلے پر3 مکانات اور بیرک کو خالی کرا کر سیل کر دیا گیا ، ان کا کہنا تھا کہ ایک مکان میں اسپتال کا ملازم رہا کرتا تھا جو 3 برس قبل انتقال کرگیا تھا۔ اس کے رشتہ دار استعمال کرتے رہے بعد ازاں مکان کسی دوسرے شخص کو فروخت کر دیا گیا تھا ، اسی طرح دیگر مکانات میں بھی قابضین رہائش اختیار رکھے ہوئے تھے ۔ اگلے مرحلے میں مزید قبضے ختم کرنے کی منصوبہ بندی کر لی گئی ہے ۔