بدعنوان عناصرکیخلاف کارروائی بالامتیاز ہونی چاہیئے-قانونی ماہرین
اسلام آباد(نمائندہ خصوصی )سینئر قانون دانوں نے کہاہے کہ سپریم کورٹ اچھاکام کررہی ہے بدعنوان عناصرکے خلاف بلا امتیاز اور سخت سے سخت کارروائی کی جانی چاہیے ،نوازشریف اور ان کے خاندان کو سزاہوسکتی ہے تو آف شورکمپنیاں بنانے والے دیگر پاکستانیوں کے خلاف بھی کارروائی ہونی چاہیے ۔قانون امتیازی سلوک کی اجازت نہیں دیتا۔ زیڈاے بھٹہ ایڈووکیٹ نے’’ امت ‘‘سے گفتگومیں کہاکہ سپریم کورٹ نے بہت سے اہم مقدمات میں عوام کوریلیف دینے کی کوشش کی ہے، پی پی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کے گرد بھی گھیراتنگ کیاجارہاہے ،لگ یہی رہاہے کہ آہستہ آہستہ سب کی باری آرہی ہے ،سب کاحساب ہوگا۔اسلم گھمن ایڈووکیٹ نے کہاکہ پنجاب میں بدعنوانی کے لیے بنائی گئی کمپنیوں کے خلاف عدالتی حکم پر ہونے والی چھان بین میں بڑے نام سامنے آئے ہیں، شہبازشریف بھی اس کی زدمیں آرہے ہیں ۔ جسٹس (ر)فیاض احمدنے کہاکہ سپریم کورٹ نےپینے کے لیے صاف پانی ،ہسپتالوں کی صورت حال ،قرضوں کی معافی ،مہنگی گاڑیوں کی خریداری ،اور دیگر معاملات سمیت مفادعامہ کے کئی معاملات میں پیش رفت کی ہے ۔ چیف جسٹس ثاقب نثارہفتہ اور اتوارکوبھی سائلین کے مسائل سنتے ہیں اور ان کے حل کے لیے احکامات بھی جاری کرتے ہیں ۔اس ملک سے بدعنوانی کاخاتمہ ہوجائے توسمجھوسب کچھ ٹھیک ہوجائیگا۔