اسلام آباد(امت نیوز) پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل نے بھارت کو دورہ پاکستان کے حوالے سے تحریری طور پر مراسلہ بھجوایا ہے کہ وہ 31 اگست تک ہمیں آگاہ کرے کہ وہ پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں یا نہیں تاکہ ہم کسی اور ملک کے ساتھ سیریز طے کریں۔ پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے چیئرمین سید سلطان شاہ نے ’’اے پی پی‘‘ کو بتایا کہ پی بی سی سی اور بھارت بلائنڈ کرکٹ کونسل کے صدر مہانتیش جی کے درمیان رواں سال جنوری میں دبئی میں منعقدہ عالمی بلائنڈ کرکٹ کپ کے دوران معاہدہ طے پایا تھا کہ بھارتی ٹیم رواں سال دسمبر میں پاکستان کا دورہ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی بلائنڈ کونسل کے صدر نے اس حوالے سے یقین دہانی کرائی تھی کہ وہ جلد پاکستان کا دورہ کریں گے لیکن ابھی تک انہوں نے ہمارے ساتھ رابطہ نہیں کیا۔