کراچی (رپورٹ:صفدر بٹ) کراچی سے اندرون ملک جانے والی تمام ٹرینوں کی عیدالاضحیٰ سے پہلے و بعد (30 اگست) تک تمام ٹکٹیں پیشگی فروخت ہوچکی ہیں، تاہم مسافروں کی بڑھتی تعداد اور رش کے باوجود ٹرینوں میں اضافی بوگیاں لگائی جا رہی ہیں اور نہ ہی عید اسپیشل ٹرینوں کا اعلان کیا جا رہا ہے، جسکے باعث بڑی تعداد میں لوگ ٹرینوں کے فرش پر بیٹھ کر سفر کرنے پر مجبور ہیں، جبکہ ٹکٹ کیلئے آنے والے سیکڑوں شہری بھی مایوس لوٹ رہے ہیں۔ترجمان کراچی ریلوے کا کہنا ہے کہ اسپیشل ٹرینوں کا فیصلہ آئندہ چند روز میں کرلیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی سے لاہور، بہاول پور، ملتان، فیصل آباد، سیالکوٹ، سرگودھا، گجرات، سیالکوٹ، ہزارہ راولپنڈی اور پشاور سمیت اندرون ملک کے دیگر شہروں کیلئے 19 ٹرینوں کے ذریعے یومیہ 16 ہزار سے زائد شہری سفر کرتے ہیں، عیدالفطر اور عیدالاضحیٰ کے پیش نظر مسافروں کی تعداد میں اضافہ ہوجاتا ہے اور یہ یومیہ 20 ہزار تک جا پہنچتی ہے۔ ریلوے ذرائع کا کہنا ہے کہ خیبر میل، تیزگام، کراچی، ملت، قراقرم و علامہ اقبال ایکسپریس سمیت دیگر تمام ٹرینوں کی عیدالاضحیٰ سے بعد 30 اگست تک بزنس کلاس، اسٹینڈرڈ کلاس اور اکانومی کلاس کی تمام ٹکٹیں پیشگی فروخت ہو چکی ہیں اور عید سے قبل کی تاریخوں میں ٹکٹوں کی ایڈوانس بکنگ کیلئے سٹی اور کینٹ اسٹیشن آنے والے شہری ٹکٹ کے بغیر مایوس لوٹ رہے ہیں۔ ریلوے کے ذمہ دار ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی میں روزگار کیلئے مقیم ہزاروں شہری عید اپنے پیاروں کیساتھ منانے اپنے آبائی علاقوں کا رخ کرتے ہیں اور عید سے قبل کے ایام میں کراچی سے اندرون ملک جانے والے مسافروں کی تعداد یومیہ 20 ہزارتک پہنچ جاتی ہے جبکہ یہی حال عید کے بعد کی تاریخوں میں اندرون ملک سے واپس آنے والی ٹرینوں کا ہوتا ہے۔ ریلوے کی جانب سے متعارف کرایا جانے والا آن لائن ٹکٹنگ سسٹم مسافروں میں تیزی سے مقبول ہوا ہے اور اب شہری گھر بیٹھے ٹکٹ بک کرالیتے ہیں، تاہم مسافروں کی بڑی تعداد ایسی بھی ہے جو تاحال آن لائن ٹکٹنگ کی سہولت کے استعمال سے ناوقف ہے، انہیں ٹکٹ خریدنے اور پیشگی بکنگ کیلئے اسٹیشن ہی آنا ہوتا ہے، اس لئے ریلوے حکام کو مینویل ٹکٹ خریدنے والے مسافروں کی مشکلات کو مد نظر رکھتے ہوئے آن لائن اور مینویل ٹکٹس کی فروخت کا کوٹہ مختص کرنا چاہیئے تاکہ مسافروں کو دونوں ذرائع سے ٹکٹ خریدنے کے برابر مواقع میسر آسکیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مسافروں کے بے پناہ رش کا علم ہونے کے باوجود ریلوے حکام نے عید اسپیشل ٹرینوں کی تعداد اور تاریخ سے متعلق تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے کہ اس بار کتنی ٹرینیں چلائی جانی ہیں، جس کی وجہ سے مسافروں کی بڑی تعداد ذہنی اذیت اور پریشانی کا شکار ہیں۔ اس حوالے سے’’امت ‘‘کے رابطہ کرنے پر ڈویژنل کمرشل آفیسر و ترجمان ریلوے کراچی اسحٰق بلوچ کا کہنا تھا کہ عید اسپیشل ٹرینوں کا اعلان لاہور ہیڈ کوارٹر کرتا ہے، امید ہے آئندہ چند یوم یہ فیصلہ ہو جائے گا کہ کب اور کتنی عید اسپیشل ٹرینیں چلیں گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ مسافروں کو زیادہ سے زیادہ بہتر سفری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور مسافروں کا بڑھتا ہوا رش ریلوے پر ان کے اعتماد کا مظہر ہے ۔