اہم وزارتیں حاصل کرنے کی دوڑ وفاقی کابینہ کی تشکیل میں رکاوٹ
اسلام آباد( اخترصدیقی) تحریک انصاف کے ارکان من پسندوزارتوں کے حصول کے لیے متحرک ہوگئے ،بعض وزارتوں کے لیے ایک سے زائد امیدواران موجودہیں جبکہ بعض کے لیے مناسب امیدوار کی تلاش جاری ہے ۔وزارت داخلہ ، خارجہ اورتجارت کے لیے امیدوارو ں کی تعداد بڑھ رہی ہے جس کی وجہ سے عمران خان کے لیے فیصلہ کرنامشکل ہورہاہے ۔شیخ رشیدوزارت داخلہ کے امیدوار ہیں جبکہ اسی وزارت کے لیے دواور امیدواروں نے بھی آس لگارکھی ہے ،وزارت خارجہ کے لیے شاہ محمودقریشی اور خسروبختیار میں جوڑپڑنے کاامکان ہے ۔تجارت کے لیے عمر ایوب مناسب امیدوار ہیں مگراس وزارت کے لیے صداقت علی عباسی کابھی نام لیاجارہاہےجو اچھی تعلیمی قابلیت بھی رکھتے ہیں ۔غلام سرورخان اوورسیزپاکستانیزکے وزیر رہ چکے ہیں، ان کی کوشش ہے کہ یہی وزارت انھیں مل جائے ،تاہم ان کی راہ میں افضل خان ڈھانڈلہ حائل ہوسکتے ہیں وہ بھی اس وزارت کے متمنی ہیں ۔شقفت محمودبھی اہم وزارت کے لیے ہاتھ پیر ماررہے ہیں جبکہ لاہور سے کرامت کھوکھربھی لائن میں لگے ہوئے ہیں اور اس حوالے سے انھوں نے یاسمین راشدکی حمایت بھی حاصل کی ہے ۔سابق وزیراعلیٰ پرویزخٹک ،زرتاج گل ،صالح محمدبھی وزارتوں کی دوڑمیں ہیں ۔جبکہ وزارت قانون کے امیدوار کاچناؤ مسئلہ بن سکتاہے ۔عام انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے والوں میں تحریک انصاف کے پاس وفاقی وزیرقانون وانصاف بنانے کے لیے کوئی پریکٹسنگ وکیل موجودنہیں اورحامدخان پہلے ہی ناراض ہیں ،مشیر بنانے بارے نعیم بخاری ایڈووکیٹ سے تاحال پارٹی چیئرمین نے کوئی مشاورت نہیں کی ،فروغ نسیم کووزیرقانون بنانے کامعاملہ چل رہاہے تاہم ایم کیوایم اندرون خانہ اوورسیزپاکستانیزکی وزارت اور پورٹ اینڈشپنگ پر نظررکھے ہوئے ہے ۔ فواد چوہدری کووزارت اطلاعات دی جارہی ہے اس لیے وہ وزیرقانون نہیں بنیں گے ۔علی خان کوہائی کورٹ کاوکیل ہونے کی وجہ سے وفاقی وزیرقانون نہ بنانے جانے کاامکان ہے بلکہ موجودہ نگران وفاقی وزیرقانون بیرسٹرعلی ظفرکو ہی مشیربرائے وزارت قانون بناکر کام چلانے بارے مشاورت جاری ہے ۔تحریک انصاف کے قریبی ذرائع نے ’’ امت‘‘ کوبتایاہے کہ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے لیے وزیرقانون بنانا مسئلہ بن سکتاہے ۔نعیم بخاری ایڈووکیٹ نے ابھی تک عمران خان سے ملاقات میں وزارت قانون کے مشیرسمیت کسی عہدے کے لیے کوئی بات نہیں کی ۔دوسری جانب ایم کیوایم کے فروغ نسیم کانام وزارت قانون کے لیے لیاجارہاہے مگرایم کیوایم اندرون خانہ دووزارتوں کے لیے کوشش کررہی ہے جس میں ابھی تک انھیں کامیابی نہیں مل سکی ہے اور طے شدہ شرائط پر ہی ان کے ساتھ معاملات چل رہے ہیں مگراس کے باوجودبھی وہ اوورزسیز پاکستا نیز اور پورٹ اینڈشپنگ کی وزارت چاہتے ہیں جس کاعمران خان نے کوئی جواب نہیں دیا اور فروغ نسیم کووزارت قانون دینے بارے بھی تاحال حتمی معاملات طے نہیں پائے ہیں ۔تحریک انصاف کے ایک رہنماء نے نام شائع نہ کرنے کی شرط پر بتایاکہ تحریک انصاف کے لیے بعض وزارتوں بار ے ناموں کی فہرست مرتب کرنے میں اب بھی کچھ طے نہیں ہوسکا۔ مسلم لیگ ق بین الصوبائی رابطہ کی وزار ت لے گی ۔ شاہ محمود قریشی کوکیاملے گااس حوالے سے بھی پارٹی چیئرمین عمران خان نے فیصلہ کرناہے ۔ایک مضبوط لابی شاہ محمود قریشی کوکھڈے لائن لگوانے میں لگی ہوئی ہے جس کی وجہ سے شاہ محمودتاحال اپنی مرضی کی کرسی حاصل کرنے میں کامیا ب نہیں ہوسکے ہیں ۔