اپوزیشن جماعتوں کا ایجنڈا دھاندلی بے نقاب کرنا ہے- لیاقت بلوچ
کراچی (اسٹاف رپورٹر )متحدہ مجلس عمل و جماعت اسلامی کے سیکریٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کا ون پوائنٹ ایجنڈا دھاندلی کو بے نقاب کرنا ہے۔ہر پارٹی اپنا الگ الگ نظریہ اور منشور رکھنے کے باوجود عام انتخابات میں نتائج کی ردوبدل کیخلاف اور جمہوریت کی بالادستی کیلئے متحد ہیں۔آئین پاکستان، جمہوریت اورشفاف وغیرجانبدارنہ انتخابات کے حوالے سے کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا ہے، ہم جمہوری سسٹم کو ڈی ریل یا انتشار کی بجائے پرامن، آئینی وجمہوری جدوجہد کے ذریعے مثبت کردارادا کریں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے قبا آڈیٹویم میں مختلف وفود سے بات چیت کے دوران کیا۔اس موقع پر صوبائی رہنما عبدالحفیظ بجارانی،علامہ حزب اللہ جکھرو اور مجاہد چنہ بھی موجود تھے۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ دینی جماعتوں نے ہمیشہ اصلاح معاشرہ کے ساتھ ملک کی نظریاتی وجغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کا فریضہ سرانجام دیا۔جماعت اسلامی ملک میں شریعت کے نفاذ ،کرپشن فری پاکستان کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔