عمران کو حلف سے روکنے کی درخواست پر بننےوالا بینچ ٹوٹ گیا
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) عمران خان کو حلف اٹھانے سے روکنے کے لیے دائر درخواست پر بننےوالا بینچ ایک بار پھر ٹوٹ گیا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامر فاروق نے عمران خان کو حلف اٹھانے سے روکنے کی درخواست کی سماعت کرنے سے معذرت کرلی۔ اسلام آباد ہائی کورٹ میں شہدا فاوٴنڈیشن کے سابق ترجمان حافظ احتشام کی طرف سے درخواست دائر کی گئی تھی جس میں وفاق، الیکشن کمیشن،اسپیکر قومی اسمبلی اور ریحام خان کو بھی فریق بنایا گیا۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ عمران خان کی سابقہ اہلیہ ریحام خان نے اپنی کتاب میں ان پر سنگین نوعیت کے الزامات عائد کیے ہیں، عمران خان نے اپنے کاغذات نامزدگی میں بھی اپنی بیٹی ٹیریان وائٹ کا ذکر نہیں کیا، عمران خان آئین کے آرٹیکل 62 کے تحت رکن قومی اسمبلی بننے کے اہل نہیں، ایسے شخص کا وزیر اعظم بننا ملکی سالمیت اور وقار کے خلاف ہے۔ جسٹس عامر فاروق نے اس درخواست کی سماعت کرنے سے انکار کردیا یے۔جس کے بعد یہ معاملہ دوبارہ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کو بھیج دیا گیا یے جو دوبارہ اس پر بینچ تشکیل دیں گے۔