ہزار روپے کے عوض موٹر سائیکلیں چرانے والا گروہ پکڑا گیا

0

کراچی(اسٹاف رپورٹر )اسپتالوں کی پارکنگ سے 100 سے زائد موٹر سائیکلیں چوری کرنے والے6 رکنی گروہ کے سرغنہ سمیت تین موٹرسائیکل لفٹر پکڑے گئے ، ملزمان کو ایک موٹر چوری کرنے کے ہزار روپے ملتے تھے۔تفصیلات کے مطابق کورنگی صنعتی ایریا پولیس نے انٹیلی جنس اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ملزم عامر حمید ، صابر علی اور علی ایوب کو گرفتار کرکے انکے قبضے سے اسلحہ اور شہر کے مختلف علاقوں سے چوری کی گئی10موٹر سائیکلیں برآمد کرلیں، ایس ایچ او جمال لغاری نے ’’امت‘‘ کو بتایا کہ موٹر سائیکل چور گرو ہ کے سرغنہ عامر حمید نے پولیس کو بتایا کہ اس نے علاقے میں رہائش پذیرصابر اور علی ایوب کو اپنے گروپ میں شامل کیا اور انکو موٹر سائیکل کا ہینڈل لاک توڑنے کا طریقہ سکھایا اور کراچی کے مختلف اسپتالوں کی پارکنگ ایریا سے موٹر سائیکلیں چوری کروانا شروع کردیں ، ملزم عامر حمید کئی سال سے موٹر سائیکلیں چوری کر رہا تھا، گرفتار ملزمان علی ایوب اور صابر نے ’’امت‘‘ کو بتایا کہ وہ دونوںشیرشاہ کے علاقے کے رہائشی ہیں ،گھر کے حالات اچھے نہ ہونے کی وجہ سے گھر والوں نے ہمیں اسکول میں داخلہ نہیں دلوایا اور ہم دونوں بچپن سے مختلف ہوٹلوں وغیرہ پر کام کرتے تھے ،جہاں سے ہمیں روزانہ کے دوسے تین سو روپے ملتے تھے ، ایک دن ہماری ملاقات ہوٹل پر عامر حمید سے ہوئی، عامر حمید بھی شیرشاہ کے علاقے میں ہی رہائش پذیر تھا ، اس نے ہمیں اپنے گروپ میں شامل کرلیااور ہمیں اپنے گھر لیجا کر کہا کہ تمہیں موٹر سائیکلیں چوری کرنی ہے اور میں تمہیں فی موٹر سائیکل ایک ہزار روپے دونگا ، ہم لوگوں نے انکار کیا تو عامرحمید نے کہا کہ تمہیں پولیس گرفتار نہیں کریگی، میرے پولیس میں بہت اچھے تعلقات ہیں،تم لوگ ڈرو مت جس پر ہم نے حامی بھر لی، پھر ہم دونوں کوعامر حمید نے موٹر سائیکل کا ہینڈل لاک توڑنا اور بغیر چابی کے آن کرنا سکھایا، اسکے بعد ہم نے شہر کے مختلف علاقوں کے سرکاری اور نجی اسپتالوں کی پارکنگ سے موٹر سائیکلیں چوری کرنا شروع کردیں، ہم موٹر سائیکل چوری کرنے کے بعد عامر حمید کے گھر پر لے جاکر کھول دیتے تھے اور عامر حمید شہر کی مختلف مارکیٹوں میں انکے پارٹس فروخت کردیتا تھا جس کے بعد ہم موٹر سائیکل کے چیسسز شہر کے مختلف علاقوں میں پھینک دیتے تھے ، ملزمان نے بتایا کہ ہم اسلحہ کے زور پر موٹر سائیکلیں چھینتے بھی تھے اوراسلحہ عامر حمید نے دیا تھا۔ ایس ایچ اوجمال لغاری نے ’’امت‘‘ کوبتایا کہ سرغنہ عامر حمید بے روز گار تھا اور اس نے گروہ میں علاقے کے بے روزگار نوجوان شامل کیے ،موٹر سائیکل کے پارٹس ہزاروں روپے میں نارتھ کراچی یوپی موڑ پر واقع موٹر سائیکل مارکیٹ ، شیرشاہ ، رنچھوڑ لائن سمیت دیگر مارکیٹوں میں کئی سال سے دکانداروں کو فروخت کئے جا رہے تھے۔ ان دکانداروں کے خلاف کارروائی بھی شروع کردی گئی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More