سعودیہ میں خطبوں کی مانیٹرنگ کیلئے موبائل فون ایپ تیار
جدہ(ایجنسیاں)سعودی حکام کا کہنا ہے کہ وہ ایک موبائل فون ایپ تیار کر رہے ہیں جس سے مسجدوں میں دیے جانے خطبوں کی مانیٹرنگ کی جائے گی اور نمازیوں کو یہ معلوم ہو سکے گا کہ خطبہ مزید کتنا چلے گا۔ سعودی وزارتِ اسلامی امور کے وزیر عبداللطیف الشیخ کا کہنا ہے کہ اس ایپ سے مسجدوں کی نگرانی کی جا سکے گی اور خطبے کی طوالت اور معیار کے بارے میں معلومات حاصل ہوں گی۔ اگرچہ ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ کون مسجدوں میں دیے جانے والے خطبوں کی مانیٹرنگ کرے گا لیکن خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ نمازی بھی خطیب کے بارے میں رائے کا اظہار کر سکیں گے۔ واضح رہے کہ سعودی عرب میں مذہبی تعلیمات میں اصلاحات پر غور کیا جا رہا ہے۔ سعودی عرب میں اس بات پر بھی بحث جاری ہے کہ خطبوں کے مواد کو یکساں کیا جائے۔