معمولی جھگڑے پر ساتھیوں نے چوکیدار قتل کیا- 3ملزم گرفتار

0

کراچی (اسٹاف رپورٹر)اسٹیل ٹاؤن میں 4اگست کو قتل ہونے والے چوکیدار کے قتل میں ملوث تین ملزمان کو پولیس نے گرفتار کرلیا، گرفتار ہونے والے ایک ملزم نے مقتول کو ڈنڈے کے وار کرکے قتل کیا تھا۔ اسٹیل ٹاؤن کے علاقےفلٹرپلانٹ کےقریب 4 اگست کو قتل ہونے والے چوکیدار عبدالنبی ولد غلام نبی کے قتل میں پولیس نےتین ملزمان شبیرمنگی، مظفر منگی اور پرویز کو گرفتار کرلیا۔امت سے بات کرتے ہوئے تفتیشی افسر سب انسپکٹر سلطان قریشی نے بتایا کہ گرفتار ہونے والے تینوں ملزمان میں سے دو ملزمان شبیر منگی اور مظفر منگی مذکورہ پلاٹ پر مقتول کے ساتھ چوکیداری کرتے تھے۔ پولیس کے مطابق گرفتار ہونے والے ملزمان کا مقتول سے کچھ روز قبل جھگڑا ہوا تھا اور اس نے پرویز کو پلاٹ پر آنے سے منع کیا تھا لیکن شبیر منگی اور مظفر منگی اکثر پلاٹ پر پرویز کو بلالیتے تھے۔ عبدالنبی کو پلاٹ پر پرویز کا آنا پسند نہیں تھا اور وہ پرویز کو پلاٹ پر آنے سے روکتا تھا۔4 اگست کی رات کو مقتول معمول کے مطابق سورہا تھا کہ اس دوران پلاٹ پر موجود دیگر دو چوکیدار مظفر منگی اور شبیر منگی نے ملزم پرویز کو پلاٹ پر بلایا اور پرویز نے پلاٹ پر ہی پڑے ڈنڈے کو اٹھایا جس میں کیل لگی ہوئی تھیں اور مقتول کے سر پر پے در پے وار کر کے قتل کردیا اور تینوں ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ پولیس نے واقعہ کا مقدمہ نمبر 200/18 درج کرتے ہوئے ملزمان کی تلاش میں چھاپہ مار کارروائیاں شروع کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ تفتیشی افسر سلطان قریشی کا کہنا ہے کہ مقتول کی فیملی تدفین کیلئے لاڑکانہ گئی ہوئی ہے اور ابھی تک وآپس نہیں آئی مقتول کی فیملی کے آنے کے بعد کیس کو آگے بڑھایا جائیگا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More