کماندوز خمی ہونے پر بھارتی فوج کے ہاتھوں4کشمیری شہید
سری نگر(امت نیوز)مقبوضہ کشمیر میں سرچ آپریشن کے دوران بھارتی فوج نے مزید 4 کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا ہے۔مقبوضہ کشمیر کے ضلع بارہ مولا کے علاقے رفیع آباد میں بھارتی فوج نے نام نہاد سرچ آپریشن اور محاصرے کے دوران مزید4 کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا ۔ علاقے میں 2 روز میں شہید ہونے والوں کی تعداد 6 ہو گئی ہے۔ضلع بارہ مولا میں مجاہدین کے حملے سے ایک بھارتی کمانڈو زخمی ہونے کے بعد قابض بھارتی فوج کی 32ویں راشٹریہ رائفلز اور 9 پارا کمانڈوز یونٹ نے علاقے کا محاصرہ کر لیا۔آپریشن کے دوران گن شپ ہیلی کاپٹر بھی استعمال کیا جا رہا ہے جبکہ علاقے کے داخلی اور خارجی راستوں کو بند کر دیا گیا۔ دوسری جانب بھارتی فوج نے ضلع پلوامہ میں سرچ آپریشن اور محاصرے کے خلاف مظاہرہ کرنے والوں کو طاقت کے ذریعے منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کی شیلنگ اور ہوائی فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 10 افراد زخمی ہو گئے۔گدورا کے علاقے میں محاصرے اور تلاشی پر مقامی شہریوں نے زبردست احتجاج کیا۔واضح رہے کہ صرف گزشتہ ماہ جولائی میں قابض بھارتی فوج نے 21کشمیریوں کو شہید اور 300سے زائد کو زخمی کیا جبکہ اس دوران 169 کو حراست میں لیا گیا اور 46 مکانات کو مسمار کر دیا گیا۔