فیملیاں لوٹنے والے3ڈاکو پکرے گئے
کراچی (اسٹاف رپورٹر)شاہ لطیف پولیس سے مقابلے میں نیشنل ہائی وے پر فیملیاں لوٹنے والے 3 ڈاکو پکڑے گئے، 150 وارداتوں میں مطلوب ڈکیت گروہ کے 3 ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، ملزمان مزاحمت پر کئی افراد کو زخمی کر چکے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق شاہ لطیف کے علاقے نیشنل ہائی وے پورٹ قاسم کے پاس مدر گار 15 کی اطلاع پر پولیس پہنچی تو 3 موٹر سائیکلوں پر سوار 6 ملزمان لوٹ مار میں مصروف تھے، جنہوں نے پولیس کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کر دی۔ پولیس نے جوابی فائرنگ اور مقابلے کے بعد 3 ملزمان کو گرفتار کر کے ان سے اسلحہ برآمد کر لیا۔ ایس ایچ او شاہ لطیف نصیر تنولی نے ’’امت‘‘ کو بتایا کہ ملزمان شہزاد ، شاہ حسین اور شیدن سے 3 پستول اور گولیاں برآمد ہوئی ہیں، جبکہ 3 دیگر ساتھی اندھیرے کا فائد ہ اٹھا کر فرار ہوگئے۔ انہوں نے بتایاکہ ڈکیت گروہ مین نیشنل ہائی وے پر رات کے اوقات میں موٹر سائیکل سوار فیملیوں کو لوٹتے تھے، ان کا طریقہ واردات یہ تھا کہ وہ چلتی ہوئی موٹر سائیکل کو بند کر کے چابی نکال لیتے تھے اور اسلحہ کے زرو پر موبائل فونز، نقدی اور خواتین کے پرس سمیت قیمتی اشیا چھینے کے بعد اطراف کے گوٹھوں میں چھپ جاتے تھے، ملزمان وارداتوں کے دوران کئی افراد کو زخمی بھی کرچکے ہیں۔ موٹر سائیکل سوار فیملی نے موٹر سائیکل نہیں روکی، جس پر ملزمان نے ٹکر مار کر انہیں نیچےگرا دیا، جس سے میاں بیوی اور کمسن بچہ شدید زخمی ہو گئے تھے۔ نصیر تنولی نے بتایا کہ نیشنل ہائی وے پر مسافروں کیلئے خوف کی علامت گروہ کی 3 ملزمان کوگرفتار کرلیا ہے، ان کے دیگر 3 مفرور ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے جاری ہیں۔